Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 14 جون ، 2025 | Saturday , June   14, 2025
ہفتہ ، 14 جون ، 2025 | Saturday , June   14, 2025

’روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو‘ کے تحت 47 رکنی سعودی وفد کی پاکستان آمد

سعودی عرب کا 47 رکنی وفد پاکستانی عازمین کو فراہم کیے جانے والے ’روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو‘ کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کا مقصد پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے عازمینِ حج کو سہولت فراہم کرنا ہے جس کے تحت عازمین کوان کے ملک میں ہی سے امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور انہیں سعودی عرب پہنچنے پر ان مراحل سے نہیں گزرنا پڑتا۔
روٹ ٹو مکہ وژن 2030 منصوبے کا حصہ ہے جس سے سعودی عرب پہنچنے پرعازمین کو امیگریشن اور کسٹم کی چیکنگ کے بغیر براہ راست مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں ان کے ہوٹلوں پر پہنچایا جاتا ہے جہاں ان کا سامان انہیں وہیں مل جاتا ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کے لیے مختص ارکان کے بعد سعودی امیگریشن محکمے کے دیگر حکام اسلام آباد سے کراچی پہنچے، جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
روٹ ٹو مکہ پروگرام کے تحت، سعودی امیگریشن ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آٹھ مخصوص کاؤنٹرز پر عازمین حج کے لیے سعودی امیگریشن کلیئرنس کی کارروائی 29 اپریل سے شروع کرے گی، جو کراچی سے پہلی حج فلائٹ کی روانگی کے ساتھ ہی شروع ہوگی۔ اس اقدام کے ذریعے عازمین کی سعودی عرب آمد کے بعد کا امیگریشن عمل روانگی سے پہلے ہی مکمل ہو جائے گا۔
سعودی ٹیمیں اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر موجود ہوں گی اور عازمین حج کی سعودی امیگریشن کارروائی پاکستان میں مکمل کریں گی۔
دریں اثناء اسلام آباد، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر پری حج 2025 کے اجلاس کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔ تمام اداروں نے عازمین کی سہولت اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کے ساتھ کامیاب حج آپریشن کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے مطابق روٹ ٹو مکہ کے تحت پاکستان سے پروازوں کے ذریعے 50 ہزار 500 حاجی سعودی عرب جائیں گے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روٹ مکہ پروجیکٹ کے تحت 28 ہزار حاجی جبکہ کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 22500 حاجی سعودی عرب کا سفر کریں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کے تحت اسلام آباد سے 100، کراچی سے 80 پروازیں آپریٹ ہوں گی اور حج عازمین کے لیے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر کاؤنٹرز بنائے جائیں گے۔

شیئر: