وزارت سیاحت نے ٹور آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ اندرون یا بیرون مملکت سے حج ویزے کے علاوہ کسی اور ویزے پر آنے والوں کے لیے یکم ذی القعدہ بمطابق 29 اپریل 2025 سے مکہ مکرمہ میں رہائش کی بکنگ نہ کی جائے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق حج سیزن کا باقاعدہ آغاز 29 اپریل 2025 سے ہو رہا ہے۔ بیرون مملکت سے عازمین حج کی پہلی پرواز 29 اپریل کو مملکت پہنچے گی جس کے بعد یومیہ بنیادوں پر عازمین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
-
وزارت داخلہ نے ’مکہ پرمٹ‘ کے لیے یونیفائیڈ پورٹل جاری کردیاNode ID: 888370
-
پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ میں آج سے داخلے پر پابندیNode ID: 888710
وزارت سیاحت نے اس حوالے سے تمام ٹور آپریٹرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایسے غیرملکی جن کے پاس ’مکہ پرمٹ‘ ہے یا حج ویزے پر آنے والے عازمین کے علاوہ کسی کے لیے بھی مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کی بکنگ نہ کی جائے بصورت دیگر خلاف ورزی ریکارڈ ہونے پر ادارہ اس کا ذمہ دار قرار پائے گا۔
خیال رہے وزارت داخلہ کی جانب سے حج سیزن کے حوالے سے جاری ضوابط میں کہا گیا تھا کہ مملکت میں مقیم ایسے غیرملکی جن کے اقامے مکہ مکرمہ شہر کے نہیں اور انہیں حج سیزن میں مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ جانا ہوتا ہے انہیں ’مکہ پرمٹ‘ کے بغیر شہر کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے یہ احکامات بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے صادر کیے گئے ہیں تاکہ شہرِ مکہ میں غیر ضروری ازدحام نہ ہو اور عازمین آرام و سکون سے زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں۔
خیال رہے بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پر آنے والے غیرملکیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 29 اپریل 2025 اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں۔