Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 07 جون ، 2025 | Saturday , June   07, 2025
ہفتہ ، 07 جون ، 2025 | Saturday , June   07, 2025

سعودی ولی عہد سے جدہ میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو جدہ میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کے قصر السلام میں وزیراعظم نریندر مودی کے لیے سرکاری استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد اور انڈین وزیراعظم نے باضابطہ ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پہلووں اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی انڈین سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کے اجلاس کی صدرات کی، کونسل کے ایجنڈے کے متعدد امور کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی ولی عہد اور انڈین وزیراعظم نے سعودی، انڈین سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔
اس موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیرسپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل، وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف اور دیگر وزرا موجود تھے۔
انڈین وزیرخارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، مملکت میں انڈین سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔


ملاقات میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)

قبل ازیں انڈین وزیراعظم نریندر مودی جدہ  پہنچے تو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز نے کیا۔
استقبال کرنے والوں میں وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی، جدہ کے کمشنر صالح بن علی الترکی، جدہ پولیس کے سربراہ جنرل صالح الجابری ، انڈیا میں قائم مقام سعودی سفیر احمد الاحمری اور ریاض میں انڈین سفیر سہیل اعجاز خان شامل تھے۔
 سعودی عرب کی حدود میں داخل ہوتے ہی سعودی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے نریندر مودی کے طیارے کو حصار میں لے لیا۔


سعودی ولی عہد اور انڈین وزیراعظم نے سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔(فوٹو: ایس پی اے)

وزیراعظم نریندر مودی کے آفس سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق انڈیا سعودی عرب کے ساتھ اپنے طویل تاریخی تعلقات جن میں حالیہ برسوں کے دوران سٹریٹجک تعاون بھی بڑھا ہے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دونوں ممالک نے مل کر باہمی اور مفید شراکت داری قائم کی ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا 2016 اور 2019 کے بعد یہ تیسرا دورۂ سعودی عرب ہے۔ انڈین وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی ہے۔

شیئر: