آسمان پر ’مسکراتا چہرہ‘ آپ کب دیکھ سکیں گے؟
بدھ 23 اپریل 2025 6:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
آپ نے بہت سی سوشل میڈیا پوسٹ دیکھیں ہوں گی جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 25 اپریل کو سورج طلوع ہونے سے قبل دو سیارے اور چاند آسمان پر مسکراتے چہرے کی طرح نظر آئیں گے۔
ویب سائٹ مِنٹ کے مطابق سائنسی طور پر ایسا ممکن ہے اور اس عمل کو Triple conjunction کہا جاتا ہے، جس میں venus, saturn اور چاند قریب ترین ہوں گے اور آسمان پر مسکراتے چہرے کی طرح ظاہر ہوں گے۔
اس منظر کو دنیا بھر میں آسمان صاف ہونے کی صورت میں مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا اور دیکھنے کا بہترین وقت صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب ہوگا۔
دونوں سیارے تو آسمان پر جگمگا رہے ہوں گے مگر چاند کے باریک کریسنٹ کو دوربین سے بہتر انداز سے دیکھا جا سکے گا۔
یہ وہ تمام معلومات ہیں جو سوشل میڈیا پر دکھائی دے رہی ہے، لیکن کیا ایسا منظر دیکھ پانا واقعی ممکن ہوگا؟ اس کا مختصر جواب یہ ہے کہ کچھ خاص کی توقع مت کریں۔
ارتھ سائنس کے مطابق دونوں سیارے اور چاند مشرقی آسمان کے ایک مخصوص حصے میں اکٹھے تو ہوں گے مگر یہ چہرہ ترچھا ہو سکتا ہے۔
اور مزید یہ کہ دونوں سیارے ایک جیسے چمکدار بھی نہیں ہوں گے، وینس زیادہ اور سیٹرن کم روشن ہوگا۔ نتیجہ یہ کہ شاید آپ ’سمائیلی فیس‘ دیکھ پائیں مگر ایک آنکھ مدھم ہو سکتی ہے یا یہ چہرہ ہی ترچھا ہو سکتا ہے۔