شام کے صدر احمد الشرع متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے
اتوار 13 اپریل 2025 16:20
احمد الشرع نے فروری میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، جو جنوری میں صدارت سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ (فوٹو: روئٹرز)
شام کے صدر احمد الشرع اتوار کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق یہ احمد الشرع کا بطور صدر کسی خلیجی ملک کا دوسرا دورہ ہوگا۔
ان کے ہمراہ وزیر خارجہ اسد الشبانی بھی ہوں گے، جنہوں نے اس سال کے اوائل میں یو اے ای کا دورہ کیا تھا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق، دورے کے دوران شامی صدر اور اماراتی قیادت کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت متوقع ہے۔
الشرع نے فروری میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، جو جنوری میں صدارت سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔
ان کا یو اے ای کا یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب نئی شامی قیادت عرب اور مغربی رہنماؤں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
دسمبر میں بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ الشرع کے سنی اسلام پسند گروپ ’حیات تحریر الشام‘ کے ہاتھوں ہوا تھا۔
