Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

نیویارک میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، تین بچوں سمیت 6 افراد ہلاک

نیویارک میں ایک ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس میں پائلٹ اور تین بچوں سمیت چھ سیاح ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے خاندان کا تعلق سپین سے تھا۔
’تمام چھ افراد کی لاشوں کو دریا سے نکال دیا گیا ہے۔ دو زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔‘
حکام کے مطابق نیویارک ہیلی کاپٹرز ٹور نے تقریباً تین بجے اڑان بھری تھی، اور سوا تین بجے کے قریب لوئر مین ہٹن کے قریب دریا میں گر کر ڈوب گیا۔
حکام نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ پائلٹ، اور تین بچوں سمیت چھ افراد ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔
نیو یارک سٹی پولیس کے غوطہ خوروں اور ایف ڈی این وائی کے غوطہ خوروں نے متاثرین کو پانی سے نکالنے میں مدد کی۔ چار افراد کو جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دیا گیا، جبکہ دو دیگر افراد کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر بیل 206 تھا۔ حادثے کی تحقیقات این ٹی ایس بی کی سربراہی میں ایف اے اے اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کریں گے۔
نیو یارک سٹی پولیس کے ترجمان نے کہا کہ پولیس کی کشتیوں نے دریائے ہڈسن میں ریسکیو آپریشن میں مدد فراہم کی۔
حادثے کے مقام کی ویڈیوز میں کئی ایمرجنسی اور پولیس کی کشتیاں دریا کے اس حصے کے گرد چکر لگاتے دکھائی دیتی ہیں، جہاں ہیلی کاپٹر ڈوب گیا تھا۔

 

شیئر: