کسٹم کارروائیاں : ایک ہفتے میں منشیات سمیت ایک ہزار ممنوعہ اشیا ضبط
ضبط کی جانے والی اشیا میں منشیات اور غیرقانونی کرنسی بھی شامل تھی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
زکوۃ ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی نے گزشتہ ہفتے مملکت کی مختلف کسٹم چیک پوسٹوں سے 1 ہزار سے زائد منشیات و دیگر ممنوعہ اشیا اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔
اخبار 24 کے مطابق کسٹم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیموں نے منشیات کی مد میں 68 اقسام ضبط کیں جبکہ ایک ہزار 18 ممنوعہ مواد و کرنسی اسمگلنگ کے 33 کیسز کو ناکام بنایا۔
اتھارٹی نے اس امر کی یقین دہانی کی کہ مملکت کے مختلف فضائی ، بری و سمندری چیک پوسٹوں پر متعین اہلکار اعلی تربیت یافتہ و پیشہ ور ہیں ۔ ممنوعہ اشیا کی درآمد کی سختی سے نگرانی کی جاتی ہے جن میں منشیات کی اسمگلنگ سرفہرست ہے۔
اتھارٹی نے ملکی معیشت و معاشرے کے تحفظ کے لیے ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اس بات پر زوردیا ہے کہ اتھارٹی کو بروقت اور درست اطلاع دینے والے کے ساتھ مکمل راز داری برتی جائے گی علاوہ ازیں معلومات درست ہونے پر انعام بھی دیا جائے گا۔
اتھاٹی کا کہنا ہے کہ معاشرے کے تحفظ کے لیے کسی بھی مشکوک کارروائی کے بارے میں 1910 ٹول فری نمبر پرمطلع کیا جاسکتا ہے۔