Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

اسلامی تعاون تنظیم نے صدر ٹرمپ کے ’غزہ پلان‘ کے متبادل منصوبے کی توثیق کر دی

اسلامی تعاون تنظیم نے فیصلہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک ہنگامی اجلاس میں کیا (فوٹو:او آئی سی)
اسلامی تعاون تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور اس کے شہریوں کو بےگھر کرنے کے متنازع منصوبے کے خلاف عرب لیگ کی جوابی تجویز کی توثیق کی ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق 57 ارکان پر مشتمل تنظیم نے یہ فیصلہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک ہنگامی اجلاس میں کیا۔
مصری وزیر خارجہ بدر عبدلطی نے کہا کہ ’اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں مصری منصوبے کو منظور کیا گیا جو اب ایک عرب اسلامی منصوبہ بن گیا ہے۔ یہ یقینی طور پر ایک بہت ہی مثبت بات ہے۔‘
کیمرون کے وزیر خارجہ لیجیون مبیلا جو وزرائے خارجہ کی کونسل کے چیئرمین ہیں، نے کہا کہ یہ اجلاس ’فلسطینی اسرائیل تنازع میں ہونے والی نئی پیشرفت کی روشنی میں بلایا گیا ہے جس میں فلسطینیوں کی نقل مکانی کے مطالبات بھی شامل ہیں۔‘
انہوں نے اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا تاکہ’متحدہ اور کثیرالجہتی نقطۂ نظر‘ کے ذریعے تنازع کے حتمی حل تک پہنچا جا سکے۔‘
یجیون مبیلا کا کہنا تھا کہ یہ نقطۂ نظر دو ریاستی حل کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے لاگو ہو سکتا ہے۔ اسرائیل اور فلسطین بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ دو الگ ریاستیں ہیں جن کی اپنی سرحدیں ہیں۔ اس طرح مشرق وسطیٰ میں جامع امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔‘
گیمبیا کے وزیر خارجہ مامادو تنگارا جو اسلامی سربراہی اجلاس کے موجودہ سربراہ ہیں، نے غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کو بےگھر کرنے کے منصوبوں کو ’اشتعال انگیز، سفّاکانہ اور غیرانسانی‘ قرار دیا ہے۔

گیمبیا کے وزیر خارجہ مامادو تنگارا نے فلسطینیوں کو بےگھر کرنے کے منصوبوں کو ’اشتعال انگیزاور غیرانسانی‘ قرار دیا (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے کہا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی کے قیام کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کرے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرئیل کے مکمل انخلاء کا سبب بنے۔‘
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں استحکام اور امن دو ریاستی حل سے مشروط ہے۔‘
مامادو تنگارا نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) پر اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے پابندی کے قوانین کی منظوری پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے فلسطینی عوام کے اپنی سرزمین پر رہنے کے حق کی پاسداری کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ’پائیدار جنگ بندی کے حصول، قابض افواج کے مکمل انخلاء، انسانی امداد کی فراہمی، بے گھر افراد کی واپسی میں مدد، فلسطینی حکومت کو فلسطینی سرزمین کے اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے فرائض ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے‘ مزید ٹھوس اقدامات کرنے پر زور دیا۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ پر کنٹرول اور فلسطینیوں کی منتقلی کے حوالے سے تجاویز پر عرب ممالک میں غصے کی لہر دوڑ گئی تھی جن کا جنگ کے آغاز سے یہی مؤقف رہا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے نہ بے دخل کیا جائے۔
صدر ٹرمپ نے سب سے پہلے 25 جنوری کو یہ تجویز پیش کی کہ مصر اور اردن کو غزہ کے فلسطینیوں کو اپنے ملک میں رکھنا چاہیے، جس کی شدید الفاظ میں مخالفت کی گئی۔

 

شیئر: