Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ٹرمپ کی حماس کو ’آخری وارننگ‘

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 24 یرغمالی زندہ ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں یرغمال بنائے گئے تمام افراد کی رہائی کے لیے حماس کو ’آخری وارننگ‘ جاری کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حماس کو سخت پیغام ایسے وقت میں دیا گیا ہے، جب حال ہی میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ صدر ٹرمپ نے عسکریت پسند تنظیم سے براہ راست بات چیت کے لیے ایک خصوصی نمائندہ بھیجا ہے، جو ایک غیرمعمولی قدم ہے۔
وائٹ ہاؤس میں آٹھ سابق یرغمالیوں سے ملاقات کے فوراً بعد صدر ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ’وہ اسرائیل کو ہر وہ چیز بھیج رہے ہیں، جو اسے کام مکمل کرنے کے لیے درکار ہے۔‘
ٹرمپ نے کہا کہ ’تمام یرغمالیوں کو ابھی رہا کرو نہ کہ بعد میں، اور فوری طور پر ان تمام یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرو، جن کو تم نے قتل کیا ہے۔ ورنہ تمہارا خاتمہ یقینی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’صرف بیمار اور خراب ذہنی توازن والے لوگ لاشیں رکھتے ہیں۔‘
وائٹ ہاؤس نے بدھ کو کہا تھا، کہ امریکی حکام نے حماس کے عہدیداروں سے بات چیت کی ہے۔ جو اس بات کا اشارہ ہے کہ امریکہ کی پالیسی تبدیل ہو گئی ہے، کیونکہ اس نے طویل عرصے سے کسی عسکریت پسند تنظیم سے براہ راست بات چیت نہیں کی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بات چیت کی تصدیق اس وقت سامنے آئی جب ابھی تک اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاملہ حل نہیں ہو سکا۔ یہ 1997 میں محکمہ خارجہ کی جانب سے حماس کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بعد سے امریکہ اور حماس کے درمیان پہلا براہ راست رابطہ ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی حکام نے حماس کے عہدیداروں سے بات چیت کی ہے۔ (فوٹو: اے پی)

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوئٹ نے مذاکرات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا، تاہم کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے نمائندوں کو ’کسی سے بھی بات چیت کرنے‘ کی اجازت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دیکھیں، دنیا بھر میں لوگوں سے بات چیت کرنا جو امریکی عوام کے مفاد میں ہے، صدر اس کو نیک نیتی کی کوشش سمجھتے ہیں، جو امریکی عوام کے لیے صحیح ہے۔‘
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 24 یرغمالی زندہ ہیں، جن میں ایک امریکی شہری ایڈین الیگزینڈر بھی شامل ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ کم از کم 35 یرغمالیوں کی لاشیں غزہ میں موجود ہیں۔
ایڈم بوہلر، یرغمالیوں کے امور سے متعلق ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی ہیں، نے حماس کے ساتھ براہ راست بات چیت کی قیادت کی۔ ایڈم بوہلر جو ہیلتھ کیئر انویسٹمنٹ فرم روبیکون فاؤنڈر کے بانی اور سی ای او ہیں، ٹرمپ کی پہلی مدت کے دوران ابراہام ایکارڈ ٹیم کے مذاکرات کار تھے۔

شیئر: