سعودی عرب نے شام میں سکیورٹی فورسز پر حملے اور ’غیرقانونی گروپوں‘ کے جرائم کی مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے جمعے کو بیان میں سعودی عرب کی جانب سے سلامتی، استحکام اور شہری امن کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں شامی حکومت کے لیے سپورٹ کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں
یاد رہے شام میں معزول صدر بشارالاسد کے حامیوں اور حکومتی سکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں 48 افراد مارے گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ میں قائم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ساحلی قصبے جبلہ اور ملحقہ دیہات میں ہونے والی جھڑپیں دسمبر میں ’بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے نئی حکومت کے خلاف سب سے زیادہ پُرتشدد حملے ہیں۔‘
یہ لڑائی بحیرۂ روم کے ساحلی صوبے الاذقیہ میں ہوئی، جو معزول صدر کی علوی اقلیت کا مرکز ہے، جسے ان کے دور حکومت میں حمایت کا گڑھ سمجھا جاتا تھا۔