اپنی کارکردگی دیکھیں، جواب ملا تو برداشت نہیں کر پائیں گے، والد بابر اعظم
جمعرات 6 مارچ 2025 11:18
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بابر اعظم کو محمد رضوان سمیت پاکستان کے ٹی20 سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے تنقید کرنے والوں کو کہا ہے کہ اگر پلٹ کر جواب ملا تو وہ برداشت نہیں کر پائیں گے۔
بابر اعظم گزشتہ طویل عرصے سے کرکٹ میچز میں پرفارم کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں اور حالیہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد انہیں ٹی20 سکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا سے لے کر ٹی وی شوز تک کرکٹ شائقین اور سابق کرکٹرز بابر اعظم پر شدید تنقید کرتے بھی نظر آتے ہیں۔
تاہم بابر کے والد اعظم صدیقی نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے انسٹاگرام پر پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ’باس ہمیشہ صحیح ہوتا ہے، بابر آئی سی سی کی ٹی20 آف دا ائیر ٹیم کا رُکن اور کیپ ملنے کے باوجود ڈراپ ہوا تو کوئی بات نہیں، وہ نیشنل ٹی 20 اور پی ایس ایل میں پرفارم کر کے جلد واپس آجائے گا۔‘
اعظم صدیقی نے کہا ’جو محترم بہت بڑے سابقہ کھلاڑی ہیں اُن سے درخواست ہے کہ اپنے الفاظ کا چناؤ ٹھیک رکھیں اگر پلٹ کر کسی نے جواب دیا تو شاید وہ برداشت نہیں کر پائیں گے۔ آپ ماضی ہیں اور دوبارہ کبھی نہیں کھیلیں گے۔‘
اعظم صدیقی نے مزید کہا کہ ’کچھ لوگ کہتے ہیں کہ باپ زیادہ بولتا ہے تو حضور میں ہی اُس کا پہلا اور آخری کوچ، سپوکس پرسن، مینٹور اور دنیا میں سب سے بڑا خیر خواہ اور باپ ہوں، تو جن کے نہیں یا اس قابل نہیں وہ صبر کریں۔‘
انہوں نے کرکٹ شائقین کو پیغام دیتے ہوئے کہا ’کرکٹ سے پیار کرنے والوں سے درخواست ہے کہ جو دن رات چیخ و پکار کیے ہوئے ہیں اُن کی بات سُننے سے پہلے آپ ان کی اپنے دور میں کیا کارکردگی رہی، پی سی بی کی ویب سائیٹ پر ایک دفعہ دیکھ لیا کریں، باقی عقل مندوں کے لیے اشارا ہی کافی ہے۔‘
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد جہاں پوری کرکٹ، کوچز اور سلیکٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں بابر اعظم بھی اس کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس سے قبل ٹورنامنٹ کے دوران ہی ایک انٹرویو میں بابر اعظم نے اپنے مداحوں سے کہا تھا کہ انہیں کنگ کہنا بند کر دیں وہ کوئی کنگ نہیں ہیں۔
