تجارت اور بلدیات کا رمضان آپریشن، مارکیٹوں کی نگرانی شروع
تجارت اور بلدیات کا رمضان آپریشن، مارکیٹوں کی نگرانی شروع
جمعرات 27 فروری 2025 21:00
وزارتِ تجارت اور بلدیات کی مشترکہ تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے وزارت تجارت و بلدیات کی جانب سے نگرانی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مشترکہ ٹیمیں مارکیٹوں اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں کا یومیہ بنیاد پر جائزہ لے رہی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے اشتراک سے مملکت کے مختلف شہروں میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کے معیار کا جائزہ اور ایسے تجارتی ادارے جہاں رعایتی نرخوں کا اعلان کیا گیا میں فروخت کی جانے والی مصنوعات کے بارے میں رپورٹ تیار کی جائے ۔
ریسٹورانٹس میں صفائی کی خاص طور پر نگرانی کی جاتی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
بلدیہ اور وزارتِ تجارت کی ٹیمیں دکانوں اور مارکیٹوں کا یومیہ بنیاد پر دورہ کرتی ہیں۔ اس حوالے سے بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کا مسلسل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جائے مارکیٹوں میں غیرمعیاری چیزیں فروخت نہ کی جائیں۔
تفتیشی ٹیمیں اشیائے خورونوش کی ایکسپائری ڈیٹ اور ان کے معیار کا بھی جائزہ لیتی ہیں جبکہ ریسٹورانٹس اور ہوٹلوں کے کچن میں صفائی اور دیگر امور کی دیکھ بھال کےلیے بھی ٹیمیں مخصوص ہیں۔
بلدیہ کی ٹیمیں یومیہ بنیاد اشیائے خورونوش کا جائزہ لیتی ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
واضح رہے وزارتِ تجارت کی جانب سے رمضان اور عید الفطر کے لیے قیمتوں میں رعایتی اعلان کو پرمٹ سے مشروط کیا ہے۔ ’سیل پرمٹ‘ کے بغیر کسی قسم کی اشتہار بازی کرنے کی ممانعت ہے۔ پرمٹ کے بغیر سیل کا اشتہار لگانے پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔