وزارت خزانہ نئے اجارہ سیونگ صکوک کا اجرا کرے گی
جمعرات 27 فروری 2025 14:08
’مقصد لوگوں کو اپنی آمدنی کا ایک حصہ باقاعدگی سے بچانے اور محفوظ کرنے کی ترغیب دینا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت خزانہ اور نیشنل سینٹر فار ڈیٹ مینجمنٹ نے سرکاری سیونگ صکوک پروگرام ’صح‘ کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت خزانہ سیونگ صکوک اجارہ کے فارمیٹ میں جاری کرے گی۔
یہ صکوک مختلف مالیاتی اداروں کے ذریعے پیش کئے جائیں گے جن میں الاہلی فنانشل کمپنی، الجزیرہ کیپیٹل، الانما انویسٹمنٹ کمپنی، الاول انویسٹمنٹ کمپنی اور الراجحی فنانشل کمپنی شامل ہیں۔
نئے صکوک کے اجرا کا پروگرام سعودی عرب کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جو افراد کی ضروریات کو پورا کرنے اور جدید سیونگ پروڈکٹس فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
’صح‘ پروڈکٹ، مالیاتی سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے اقدامات میں شامل ہے جو سعودی وژن 2030 کے تحت افراد میں سیونگ کی شرح کو بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس کا مقصد لوگوں کو اپنی آمدنی کا ایک حصہ باقاعدگی سے بچانے اور محفوظ کرنے کی ترغیب دینا ہے، ساتھ ہی سیونگ پروڈکٹس کی دستیابی میں اضافہ کرنا اور مالیاتی شعور کو فروغ دینا تاکہ بچت کی اہمیت اور اس کے فوائد کو سمجھا جا سکے جو مستقبل کی منصوبہ بندی میں مددگار ثابت ہو۔
مجوزہ منصوبے کے تحت ’صح‘ صکوک اجارہ کے فارمیٹ میں مارچ 2025 کے اجرا میں پیش کی جائیں گی۔
یہ صکوک ماہ کے دوسرے دن سے لے کر چوتھے دن تک دستیاب ہوں گی اور آئندہ اجرا کے لیے بھی اسی ڈھانچے کو برقرار رکھا جائے گا۔