ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اپنی دوسری اننگز میں انگلش ٹیم 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بیٹنگ کے لیے ناسازگار وکٹ پر پاکستان ٹیم کے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش کھلاڑی مشکلات کا شکار نظر آئے۔
پہلی اننگز میں سینچری سکور کرنے والے بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ زیک کرالی 3 اور اولی پوپ 22 رنز ہی بنا سکے۔
جو روٹ نے 18 ہیری بروک 16، جیمی سمیتھ نے 6 ، بین سٹوکس نے 37، برائیڈن کارس نے 27 اور جیک لیچ نے ایک رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 8 اور ساجد خان نے 2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 4 رنز اور صائم ایوب 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کامران غلام 26، محمد رضوان 23 اور کپتان شان مسعود 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مزید پڑھیں
انگلینڈ کے آف سپنر شعیب بشیر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیک لیچ نے 3 بریڈن کارس نے دو اور میتھیو پوٹس نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کو 291 رنز پر آل آؤٹ کرتے ہوئے میچ میں اپنی برتری برقرار رکھی تھی۔
پاکستان کی جانب سے سپنر ساجد خان 7 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے، جبکہ نعمان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے اور تیسرے دن کے آغاز میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
انگلینڈ کی جانب سے بن ڈکیٹ نے سینچری سکور کی اور 114 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
دوسری جانب زیک کرالی نے 27 رنز بنائے جبکہ اولی پوپ نے 29، جو روٹ 34 ہیری بروک 9، جیمی سمتھ 21، جیک لیچ 25 اور بین سٹوکس 1 رن بنا کر پولین لوٹ گئے۔
میچ کا پہلا اور دوسرا روز
اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 366 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔
میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 بنائے تھے۔
دوسرے دن کا آغاز سلمان آغا اور محمد رضوان نے کیا جو زیادہ دیر تک کریز پر جمے نہ رہ سکے۔
محمد رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد سلمان علی آغا 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم کو آٹھواں نقصان ساجد خان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ عامر جمال 37، نعمان علی 32 اور ساجد خان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے بولر جیک لیچ نے 4، برائیڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے دو جبکہ شعیب بشیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔