Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

لیگ سپنر عثمان قادر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

عثمان قادر نے پاکستان کی ایک ون ڈے اور 25 ٹی20 میچوں میں نمائندگی کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر عثمان قادر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
عثمان قادر نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جمعرات کو کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آج میں پاکستان کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں اور جب میں اپنے اس شاندار سفر کو دیکھتا ہوں تو میں تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
’اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بہت فخر کی بات ہے اور میں اپنے کوچز اور ساتھی کھلاڑیوں کی سپورٹ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔‘
لیگ سپنر نے مزید لکھا کہ ’جیسے میں اب اپنے نئے باب کا آغاز کر رہا ہوں، میں اپنے والد کی میراث کو آگے بڑھاؤں گا جو کے کرکٹ سے میرا پیار ہے اور جو باتیں انہوں نے مجھے سکھائی تھیں۔‘
 

خیال رہے کہ عثمان قادر پاکستان کے عظیم لیگ سپنر عبدالقادر کے بیٹے ہیں۔
عثمان قادر نے پاکستان کی ایک ون ڈے اور 25 ٹی20 میچوں میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے بالترتیب ایک اور 31 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 7 نومبر 2020 کو زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹی20 میچ سے کیا تھا۔ 

شیئر: