Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

سکھوں کے بارے میں متنازع بیان دینے پر کامران اکمل نے معافی مانگ لی

کامران اکمل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں اپنے حالیہ بیانات پر پچھتا رہا ہوں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر و بیٹر کامران اکمل نے سکھوں کے بارے میں نسل پرستانہ اور متنازع بیان دینے پر معافی مانگ لی ہے۔
کامران اکمل نے سکھوں کے بارے میں متنازع بیان دینے کے بعد منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں سکھ کمیونٹی اور انڈیا کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ سے معافی مانگ لی۔
کامران اکمل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں اپنے حالیہ بیانات پر پچھتا رہا ہوں اور میں تہہ دل سے ہربھجن سنگھ اور سکھ کمیونٹی سے معافی مانگتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میرے الفاظ غیر موزوں اور بداخلاقی پر مبنی تھے۔ میرے دل میں دنیا بھر کے سکھوں کے لیے بہت پیار ہے اور میری نیت کبھی کسی کا دل دکھانے کی نہیں ہوئی۔ میں سچے دل سے معذرت خواہ ہوں۔‘
 

خیال رہے کہ کامران اکمل نے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران نجی ٹی وی چینل کی ٹرانسمیشن میں انڈین بولر ارشدیپ سنگھ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نسل پرستانہ جملہ کہا تھا۔
کامران اکمل کے اس بیان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ہربھجن سنگھ نے بھی سابق وکٹ کیپر پر شدید تنقید کی۔
یاد رہے کہ اتوار کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرا دیا تھا۔

شیئر: