پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 286 اور این اے 184 ڈیرہ غازی خان سے آزاد امیدوار جاوید اختر لُنڈ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس کے عنوان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں زبردستی دھاندلی کے ذریعے الیکشن جتوایا گیا ہے۔
متعلقہ ویڈیو مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر نیا پاکستان نامی اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی، جو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آزاد امیدوار جاوید اختر صوفے پر بیٹھے بیان ریکارڈ کروا رہے ہیں۔
جس اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ شیئر کی گئی اس پر عنوان درج ہے کہ ’مجھے زبردستی جتوایا گیا ہے، میرا مخالف امیدوار سردار فرحت (پی ٹی آئی) جیتا ہوا تھا، جیتے ہوئے کو ہرانا عوام کےمینڈیٹ کی توہین ہے۔ آزاد امیدوار جاوید لُنڈ کا جعلی مینڈیٹ لینے سے انکار، دھاندلی کی مذمت، پی ٹی آئی امیدوار کو مبارک باد دے دی۔‘
مجھے زبردستی جتوایا گیا ہے، میرا مخالف امیدوار سردار فرحت (پی ٹی آئی) جیتا ہوا تھا، جیتے ہوئے کو ہرانا عوام کےمینڈیٹ کی توہین ہے"۔آزاد امیدوار جاوید لنڈ کا جعلی مینڈیٹ لینے سے انکار۔۔ دھاندلی کی مذمت، پی ٹی آئی امیدوار کو مبارکباد دیدی pic.twitter.com/JuDO9Htk7I
— Naya Pakistan (@Naya__Pakistan_) February 11, 2024
اردو نیوز نے جب معاملے کی تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اس خبر میں صداقت نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حلقہ پی پی 286 اور این اے 184 کے فارم 47 کے مطابق جاوید اختر دونوں حلقوں سے ہار رہے ہیں اور زبردستی جیتنے کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔

حلقہ پی پی 286 سے جاوید اختر 17265 ووٹ لے کر تیسری پوزیشن پر رہے، جبکہ حلقہ این اے 184 میں جاوید اختر صرف 507 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔









