الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کے حلقہ این اے 130 کے نتائج کا فارم 47 اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے۔
حلقہ این اے 130 کا فارم 47 ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا تھا جس کے مطابق نواز شریف کامیاب قرار دیے گئے تھے اور تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد دوسرے نمبر پر تھیں۔
الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی حلقہ این اے 130 سے کامیابی کا فارم 47 ویب سائٹ سے ہٹا دیا#Elections2024 #Elections2024Pakistan #ElectionResults #ResultsUpdate #NawazSharif #YasmeenRashid #NA130 pic.twitter.com/sp3A6JIguq
— Urdu News (@UrduNewsCom) February 9, 2024
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اس وقت الفاظ ’فارم 47‘ اور ’فارم 45‘ ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ بنے ہوئے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین حلقہ این اے 130 میں ووٹوں کی گنتی پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایک صارف نے دونوں فارمز کی تصویر اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’ میرے پاس حلقہ این اے 130 کے پولنگ سٹیشن کے فارم 45 میں جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے 16 اور 7 ووٹ ہیں جبکہ ان کے ووٹ فارم 47 میں کہیں نہیں ہیں۔‘

احسن راجہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’وقت بدل دیا، جذبات بدل دیے، سکون کریں پاکستان میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘

ایک اور صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’این اے 130 میاں نواز شریف بمقابلہ یاسمین راشد، فارم 47 پر ایک سرسری نظر آپ کو کئی سوالات کے ساتھ چھوڑ دے گی۔ کیا دوسرے امیدواروں اور ان کے خاندان کے افراد نے الیکشن 2024 میں اپنے لیے ایک ووٹ بھی نہیں ڈالا؟‘









