Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

سعودی ولی عہد سے ریاض میں روسی صدر کی ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کو ریاض کے قصر یمامہ میں ملاقات کی ہے۔
 دونوں ملکوں کے درمیا ن دوطرفہ تعلقات، مشترکہ تعاون کے پہلووں اور مختلف شعبوں میں ان کی ترقی کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ 
ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت اور اس حوالے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور کا بھی جائزہ لیا ہے۔
 شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر کا مملکت میں خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی عرب اور روس کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات کا ذکر کیا۔
سعودی ولی عہد نے دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی کی تعریف کی جس نے مشرق وسطی میں کشیدگی دور کرنے میں مدد کی۔
دونوں ملک، توانائی، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں کامیابی کے ساتھ ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔
روسی صدر نے گزشتہ سات برسوں کے دوران سعودی عرب اور روس کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ ا نہوں نے سعودی ولی عہد کو دورہ ماسکو کی دعوت بھی دی۔
الاخباریہ کے مطابق  قبل ازیں روسی صدر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے ان کا خیرمقدم کیا۔
علاوہ ازیں روسی صدر، سعودی ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد بدھ کی شب سعودی عرب سے روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ ولادیمیر پوتن متحدہ امارات کے صدر سے ملاقات کے بعد مملکت پہنچے تھے۔

شیئر: