مختلف شہروں میں آج بھی سکول بند، آن لائن تعلیم جاری
’جازان’ عسیر، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، شمالی حدود، قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن میں بارش کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ تعلیم نے جازان اور عسیر ریجن کے علاوہ بیشہ میں آج بھی سکول بند رکھنے اور آن لائن تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے
سبق ویب سائٹ کے مطابق موسلادھار بارش اور غیر یقینی موسم کے باعث مذکورہ علاقوں میں تیسرے دن کے لیے سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ’عسیر اور جازان ریجن کے تمام سکولوں کے علاوہ بیشہ کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ طلبہ اور اساتذہ آن لائن حاضری دیں گے‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج منگل کو بھی مذکورہ علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’جازان اور عسیر کے علاوہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، شمالی حدود، قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن میں بارش کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’شرورہ، بدر الجنوب، نجران اور یدمہ کے علاوہ قرب وجوار کے علاقوں میں بارش کے باعث سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے‘۔