سعودی عرب صومالیہ میں پینے کا پانی فراہم کرے گا، پانچ ملین ڈالر کا معاہدہ
شمسی توانائی سے چلنے والے 24 کنویں تیار کیے جائیں گے (فوٹو: عرب نیوز)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے اتوار کو صومالی سول سوسائٹی کی ایک تنظیم کے ساتھ خشک سالی سے متاثرہ افراد کو پینے کے پانی کی فراہمی کےلیے پانچ ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے معاہدے پر دستخط ریاض میں معاون سربراہ انجینیئر احمد البیز نے کیے۔
شاہ سلمان مرکز کے ماتحت صحت اور ماحولیاتی امداد کے ادارے کے انچارج ڈاکٹر عبداللہ المعلم نے بتایا ’ معاہدے کے تحت شمسی توانائی سے چلنے والے 24 کنویں تیار کیے جائیں گےجبکہ 20 کنوؤں کی بحالی ہوگی۔
ڈاکٹر عبداللہ المعلم نے بتایا کہ’ متاثرہ علاقوں کے خاندانوں کو صحت اور حفظان صحت سے متعلق ایک تعلیمی پروگرام کے ساتھ کنوؤں کو چلانے اور ان کی دیکھ بھال کی بھی تربیت دی جائے گی‘۔
ایک ملین سے زیادہ صومالی باشندے ان کنووں سے فائدہ اٹھائیں گے۔ سعودی عرب، صومالیہ میں 400 ملین ڈالر سے زیادہ کے امدادی و انسانی پروگرام نافذ کرچکا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے حال ہی میں سماجی تحفظ، صحت، پانی، ہنگامی امداد، خوراک کی فراہمی اور خراب غذا سے بچانے سمیت متعدد انسانیت نواز منصوبے نافذ کیے جن پر 190 ملین ڈالر لاگت آئی۔