سعودی وزیر کی استنبول کے گورنر اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں
سعودی وزیر نے شہری معاملات میں مہارت رکھنی رالی ترک کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب کے وزیر برائے میونسپل و دیہی امور اور ہاؤسنگ ماجد الحقیل نے دورہ ترکیہ کے دوران استنبول کے گورنر دعوت گل سمیت دیگر عہدیداروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے کہا ہے کہ استنبول کے گورنر سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا اور انہیں آگے بڑھانے پر غور کیا۔
انہوں نے استنبول کے اس تجربے پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح سے شہری ترقی کی ضرورت کے ساتھ ثقافت اور ورثے کو بچانے کی کوششوں میں توازن پیدا کیا گیا ہے۔
سعودی وزیر ماجد الحقیل نے استنبول کے گورنر کو مملکت کے دورے کی دعوت دی اور ستمبر میں ’سٹی سکیپ گلوبل‘ کے نام سے منعقد ہونے والی ریئل سٹیٹ نمائش میں شرکت کی پیشکش کی۔
سعودی وزیر نے شہری معاملات میں مہارت رکھنی رالی ترک کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں پبلک پارکنگ، ویسٹ ری سائیکلنگ اور سمارٹ سٹی ڈویلپمنٹ جیسے مسائل سے نمٹنے میں اپنے تجربات کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ کمپنیوں کی جانب سے پبلک آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے وضع کیے گئے طریقوں اور استنبول میں شہری ڈویلپرز کو درپیش چیلنجز پر بھی بات چیت کی۔
کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات میں سعودی وزیر ماجد الحقیل نے انہیں بتایا کہ مملکت میں ایک معیاری ماحول میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں جو اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں بشمول میونسپل اور ہاؤسنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کو راغب کرتی ہے۔
ماجد الحقیل نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں بالخصوص ریئل سٹیٹ ڈویلپمنٹ، انفراسٹرکچر پراجکٹس اور سمارٹ سٹی کے منصوبوں میں۔