Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

کویت کی جزیرہ ایئر کا پاکستان کے لیے اسلام آباد سے پروازوں کا آغاز

جزیرہ ایئر ویز کی پرواز ہفتے میں دو دن اسلام آباد کے لیے چلے گی۔ فوٹو: سی اے اے
کویت کی ایئر لائن جزیرہ ایئر ویز نے پاکستان سے آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
کویت سے 163 مسافروں کو لے کر جزیرہ ایئر ویز کی پہلی پرواز J9-511 بدھ کی صبح ساڑھے چار بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچی ہے۔
جزیرہ ایئر ویز کی پرواز ہفتے میں دو دن بدھ اور سنیچر کو اسلام آباد کے لیے چلا کرے گی۔
سال 2023 میں پاکستان اور جزیرہ ائیر ویز کے درمیان پاکستان سے برائے راست پروازیں چلانے کے معاملات طے ہوئے تھے اور جون 2023 میں سول ایوی ایشن کی جانب سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر جزیرہ ایئر ویز کے آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ 
جزیرہ ایئر ویز کا شمار کم لاگت والی ایئر لائنز میں کیا جاتا ہے۔ اس وقت جزیرہ ائیر ویز مشرق وسطیٰ، افریقہ، وسطی اور جنوبی ایشیا کے ساتھ ساتھ یورپ میں 63 سے زیادہ مقامات پر اپنے آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کینیڈین کمپنی زارا ایئرویز نے کینیڈا سے پاکستان کے لیے براہ راست دو پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔
سابق ایم ڈی پی آئی اے اور زارا ایئرویز کے مشیر اعجاز ہارون نے کہا تھا کہ ’جلد ہی کینیڈا سے پاکستان کے تین بڑے شہروں کے لیے فلائٹس شروع کرنے جا رہے ہیں۔‘
اعجاز ہارون کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان ڈائریکٹ روٹ صرف پی آئی اے کے پاس ہے جبکہ اس روٹ پر سفر کرنے والوں کی تعداد ان فلائٹس کی گنجائش سے کئی گنا زیادہ ہے۔

شیئر: