Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 13 جولائی ، 2025 | Sunday , July   13, 2025
اتوار ، 13 جولائی ، 2025 | Sunday , July   13, 2025

لاہور میں کروڑوں روپے کی منشیات سمگل کرتے ڈرون گر گیا

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں  پولیس کے مطابق جمعرات کو کاہنہ کے علاقے میں ایک کارگو ڈرون گر گیا جس پر کئی کلو گرام منشیات رکھی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ہلوکی میں ایک گاؤں رسول پور کے قریب فضا میں اڑتا ڈرون گر گیا جس کی اطلاع شہریوں نے دی۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈرون پر چھوٹے چھوٹے پیکٹ تھے جو گرنے کی وجہ سے پھٹ گئے۔
پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور منشیات اور ڈرون دونوں کو قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ڈرون کا سائز معمول سے بڑا ہے اور ایسے ڈرون عام طور پر کارگو اور ڈیلیوری کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
اس ڈرون پر چھ کلو منشیات باندھی گئی تھی اور یہ ایک زمیندار کے کھیتوں میں گرا۔ تمام کی تمام منشیات ہیروئن تھی جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا کہ یہ ڈرون کہاں سے اڑا اور اسے کہاں لے جایا جا رہا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈرون کی ساخت اور روٹ کے حوالے سے چھان بین شروع کر دی ہے۔
خیال رہے کہ جس علاقے میں یہ ڈرون گرا ہے وہاں سے پاکستان اور انڈیا کی سرحد بھی زیادہ دور نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی واہگہ بارڈر پر ڈرونز کے ذریعے منشیات کی مبینہ سمگلنگ اور ڈرون گرنے کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔

شیئر: