ریاض:سعودی وژن 2030 نہایت اہمیت کا حامل ہے، سفیر پاکستان
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)سعودی وژن 2030 نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی کامیابی میں پاکستان بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹینٹ آف پاکستان کی سعودی عرب کی شاخ کی سالانہ پانچویں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ یہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوئی ۔وژن 2030 میں رول آف فنانس پروفیشن کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی انجینئرز اور دیگر ہنر مند افراد سعودی عرب میںہونے والی ڈویلپمنٹ میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاک چائنہ راہداری منصوبے سے پاکستان اور سعودی عرب میں معاشی صورتحال بہتر نظر آرہی ہے۔ مستقبل میں بھی اس منصوبے کے پایہ تکمیل ہونے سے دونوں ملکوں کے اقتصادی حالات مزید مستحکم ہوںگے۔ سفیر پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کے مابین تاریخی، سیاسی، عسکری اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔تقریب میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹینٹ آف پاکستان کے ممبر محمد اقبال اور سعودی ڈاریکٹر جنرل آف زکواۃ اینڈ ٹیکس اتھارٹی طارق الصحدان نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔اس کے علاوہ سعودی عرب کی مختلف کمپنیوں میں کام کرنے والے پاکستانی چارٹرڈ اکاونٹیڈ نےبھی شرکت کی۔اس سے قبل سفیر پاکستان نے یو اے ای کے سفیر سعید محمد الدہراری ،ترکی کے سفیر یونس ڈیمر اور ریپبلک آف جبوتی کے سفیر سے بھی ملاقات کی اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔