Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

سوڈان میں فریقین مذاکرات کا راستہ اختیار کریں، سعودی عرب، امارات

خرطوم میں سعودی سفارتخانے نے ہموطنوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے ( فوٹو: اے پی)
سعودی عرب نے سوڈان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز اور ایس پی اے کے مطابق سنیچر کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں متحارب فریقین سے ضبط وتحمل سے کام لینے پر زور دیا اور کہا کہ’ فریقین مسلح تنازعات کے بجائے بات چیت کا انتخاب کریں‘۔
خرطوم میں سعودی سفارتخانے نے سعودی شہریوں کو گھروں میں رہنے اور ہنگامی صورتحال میں سفارتخانے سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے بھی سوڈان میں تمام فریقوں سے  کشیدگی میں کمی اور تحمل سے کام لینے اور موجودہ بحران کو مذاکرتات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عسکری کارروائیاں روک دیں، سعودی وزیر خارجہ کی اپیل
علاوہ ازیں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوڈان میں کشیدگی پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے فوری طورپرعسکری کارروائیاں روکنے کی اپیل کی ہے۔ 
سبق نیوز کے مطابق سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ٹویٹ میں کہا  کہ ’ہم اپنے سوڈانی بھائیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طورپرعسکری کارروائیاں روک دیں‘۔
’ضبط وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوڈانی عوام کی فلاح وبہبود پرتوجہ دیں، امن کے حصول اور سوڈان کے بہترمستقبل کے لیے سیاسی حل کی طرف رجوع کریں‘۔ 
او آئی سی کو سوڈان میں کشیدگی پر تشویش
 اسلامی تعاون تنظیم ’اوآئی سی ‘ نے سوڈان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو پریشانی کا باعث قرار دیتے ہوئے سوڈانی فوج اورریپیڈ فورسز کے درمیان تناو کوختم کرنے پرزوردیا ہے۔ 
آو آئی سی کے سیکرٹری جنرل ابراہیم حسین طہ نے سوڈانی فورسز کے درمیان لڑائی پرگہری تشویش ظاہرکرتے ہوئے اسے ملک وقوم کے لیے نقصان کا باعث قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ’ کسی بھی مسئلے کے حل کےلیے مذاکرات ہی بہترین ذریعہ اور دانشمندانہ طریقہ ہے‘۔ 
واضح رہے کہ فوج کے ساتھ جھڑپوں کے بعد سوڈان کی پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) نے صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور دارالحکومت خرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق آر ایس ایف نے فوج کی جانب سے پہلے حملہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شمالی شہر میرو اور مغربی شہر الابض کے ایئرپورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
سوڈام کی ڈاکٹروں کی ایک تنظیم کے مطابق جھڑپوں میں تین شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: