کارکن کو نماز سے روکنے پر تفتیشی کارروائی
’ایک معروف کافی شاپ کے کارکن نے کہا ہے کہ اسے نماز کی ادائیگی سے روکا جارہا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت ہیومن ریسورسز نے کہا ہے کہ ایک کارکن کو نماز کی ادائیگی سے روکنے پرتفتیشی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک معروف کافی شاپ کے کارکن نے کہا ہے کہ اسے نماز کی ادائیگی سے روکا جارہا ہے۔
کافی شاپ میں کام کرنے والے سعودی کارکن نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’شاپ کے منیجر نے اسے نماز کی ادائیگی سے روکتے ہوئے کہاہے کہ جب تمہارے بریک کا وقت ہو تب نماز پڑھ لینا۔
دوسری طرف وزارت ہیومن ریسورسز کے ترجمان سعد آل حماد نے کہا ہے کہ ’وائرل ہونے والی ویڈیو کی بنا پر تفتیشی ٹیم مقرر کی گئی ہے‘۔
’تفتیشی ٹیم کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے کہ وہ تمام فریقوں سے ملاقات کرکے معاملات کی وضاحت کرے اور رپورٹ وزارت میں جمع کرے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’قانون محنت میں آجر واجیر کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے جو بھی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں ان سے سختی نمٹا جاتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کارکنوں کے حقوق کی ضمانت کے لیے وزارت کے دروازے کھلے ہیں۔ کارکن وزارت کی ویب سائٹ یا ایپ پر شکایات کا اندراج کرسکتے ہیں‘۔