سعودی مہم جُو خاتون، السعودیہ کی چار ممالک کے لیے پروازیں اور سنیما ٹکٹ سستے سمیت سعودی عرب سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
سعودی مہم جُو خاتون، السعودیہ کی چار ممالک کے لیے پروازیں اور سنیما ٹکٹ سستے سمیت سعودی عرب سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
اتوار 5 مارچ 2023 0:00
مملکت میں جدید ٹیکنالوجی کی حامل 15 نئی فیکٹریاں لگائی جائیں گی (فائل فوٹو: ایس پی اے)
موٹر سائیکل پر سفر کرنے والی سعودی مہم جُو خاتون، السعودیہ ایئر کی چار ممالک کے لیے پروازیں، گاڑی جلتی رہی سعودی شہری مہمانوں کو قہوہ پیش کرتا رہا، سعودی عرب میں ایک کلو ٹڈی کی قیمت 450 ریال تک پہنچ گئی، مملکت میں جدید ٹیکنالوجی کی 15 نئی فیکٹریاں لگائی جائیں گی اور شہزادہ فیصل بن فرحان اور انڈین وزیر خارجہ کی ملاقات سعودی عرب سے گزشتہ ہفتے کی نمایاں خبریں رہیں۔
موٹرسائیکل پر سفر کرنے والی مہم جُو سعودی خاتون
سفر اور سیاحت کی دلدادہ سعودی مہم جو امل احمد اپنے انڈین شوہر شکیل میر کے ساتھ موٹرسائیکل پر سعودی عرب کے مختلف شہروں کا سفر کر چکی ہیں۔
العربیہ کے مطابق امل نے اس سفر کو اپنے اور اپنے شوہر شکیل کے سیر و سیاحت کے مشترکہ شوق کا حصہ قرار دیا۔
گاڑی جلتی رہی سعودی شہری مہمانوں کو قہوہ پیش کرتا رہا
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شمالی سعودی عرب کے صحرا میں ایک گاڑی میں آگ لگی ہے اور اس کا مالک سعودی شہری اپنے مہمانوں کی میزبانی میں لگا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی شہری سیر کے لیے صحرائی علاقے میں موجود تھا۔ گاڑی میں کھانے پکانے کے دوران پریشر کوکر پھٹنے سے آگ لگی۔
مملکت میں جدید ٹیکنالوجی کی 15 نئی فیکٹریاں لگائی جائیں گی
سعودی عرب کے نائب برائے صنعت و معدنی وسائل نے کہا ہے کہ ’مملکت میں جدید ٹیکنالوجی کی حامل 15 نئی فیکٹریاں لگائی جائیں گی‘۔
عرب نیوز کے مطابق اسامہ الزمل نے بین الاقوامی انجینئرنگ کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’نئے پلانٹس میں سے تین اہم میڈیسن اور ویکسین، چار جہازوں کے پرزے اور دھات کی تشکیل کے لیے آٹھ یونٹس ہوں گے‘۔
شہزادہ فیصل بن فرحان اور انڈین وزیر خارجہ کی ملاقات
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو نئی دہلی میں رایسینا ڈائیلاگ فورم کے موقع پر انڈیا کے ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں دوست ملکوں اور عوام کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات، مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی عرب: سنیماؤں کے ٹکٹ سستے ہوگئے، نئی قیمت کیا ہوگی؟
سعودی عرب میں 15 سنیما گھروں کی مالک کمپنی ووکس سنیما نے ٹکٹ کی قیمت کم کر دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹکٹ کی قیمت کی نئی پالیسی کے تحت دو درجہ بندیاں کی گئی ہیں۔ سٹینڈرڈ ٹکٹ کی قیمت 45 ریال سے کم کر کے 35 ریال جبکہ پریمیئم ٹکٹ کی قیمت 54 ریال سے کم کر کے 45 ریال کر دی گئی ہے۔
سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرے کی تعداد متعین نہیں اور زائرین اپنی مرضی اور سہولت سے جتنی بار چاہیں عمرہ کر سکتے ہیں تاہم عمرہ پرمٹ میں درج تاریخ اور وقت کی پابندی ضروری ہے۔
ایک بیان میں وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ ’وزٹ، سیاحتی یا ملازمت ویزا ہولڈرز کسی پابندی کے بغیر عمرہ کر سکتے ہیں۔ زائرین مملکت سے واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ وسائل بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔ فضائی راستے سے آنے والے بحری یا بری راستے سے بھی واپس جا سکتے ہیں۔‘