ممبئی ....بالی وڈ کے سپراسٹار امیتابھ بچن نئے فنکاروں کی کڑی محنت دیکھ کر حیران ہیں۔ امیتابھ کا کہنا ہے کہ جس طرح کی سخت محنت اور کوشش نئی نسل کے فنکار کررہے ہیں وہ ان کے نزدیک کسی کرشمہ یا کمال سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ستاروں کی پہلی ہی فلم میں کی جانے والی محنت و مشقت سے ششدر ہیں۔ اسی وجہ سے میں اس کا اعتراف کرتا ہوں کہ اپنی پہلی ہی فلم میں وہ پوری طرح منجھے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان کا چہرہ، اظہار خیال، جسم، زبان اور کارکردگی قابل دیدہے۔ امیتابھآج کل رام گوپال ورما کی فلم ’سرکار۔3‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ یہ فلم سرکار کا تیسرا وروژن ہے۔ فلم میں امیتابھ کے علاوہ امیت سادھ، یامی گوتم، جیکی شراف اور منوج واجپئی نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔ یہ فلم 12 مئی کو ریلیز ہوگی۔