خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے
جمعرات 19 جنوری 2023 15:14
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی سہ پہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
سرکاری ادارے کے مطابق ’بڑی شدت‘ کے زلزلے کا مرکز خیبرپختونخوا کے ضلع چترال سے 37 کلومیٹر مغرب میں ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’زلزلے کی شدت 5.6 جب کہ گہرائی 92 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔‘
سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر شیئر کی گئی معلومات کے مطابق مالاکنڈ، دیر، سوات، صوابی، پشاور، ہری پور اور ایبٹ آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

متعدد ٹویپس نے صورت حال واضح کرنے کے لیے زلزلہ کے دوران محسوس کی گئی کیفیت کو اپنی ٹویٹس کا حصہ بنایا۔