پاکستان سُپر لیگ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک میچ کوئٹہ میں کرانے کا فیصلہ
پاکستان سُپر لیگ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک میچ کوئٹہ میں کرانے کا فیصلہ
جمعہ 23 دسمبر 2022 15:39
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
پاکستان سپر لیگ کا آٹھویں ایڈیشن آئندہ برس 09 فروری سے 19 مارچ تک کھیلا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں میچ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل کے تحت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ 5 فروری کو کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا- اس سلسلے میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
جمعے کو وزیراعلٰی سیکریٹریٹ کوئٹہ میں اجلاس ہوا جس میں کرکٹ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور سہولیات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا-
وزیراعلٰی کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی، سیکریٹری کھیل اسحاق جمالی، کمشنر کوئٹہ، ڈی آئی جی کوئٹہ اور صوبائی اور عسکری حکام نے شرکت کی-
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرکٹ گراؤنڈ کی ضروری مُرمت اور سہولیات کی فراہمی کے کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
’اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط کے لیے مرکزی رابطہ دفتر قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلٰی کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی نے کوئٹہ کو میچ دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’پی ایس ایل کے میچ کے انعقاد سے بلوچستان میں بین الاقوامی میچز کے انعقاد کے دروازے کھل جائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور بلوچستان کے عوام کرکٹ سے محبت کرنے والے ہیں، تاہم صوبے کو بین الاقوامی میچوں اور پی ایس ایل کے مقابلوں کے انعقاد میں نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔‘
نجم سیٹھی کے مطابق ’بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ کو پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں پانچویں وینیو کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے‘ (فوٹو: پی سی بی)
پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد چاہتے ہیں: نجم سیٹھی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ’بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ کو پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں پانچویں وینیو کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے۔‘
جمعے کو مینجمنٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’کوئٹہ کے کرکٹ شائقین ایک عرصے سے بین الاقوامی کرکٹرز کو کھیلتا دیکھنا چاہتے تھے۔‘
’میں نے بلوچستان میں حکام سے بات کی ہے اور انہوں نے اس حوالے سے مجھے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘
نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے اجلاس میں بات چیت بھی ہوئی ہے۔‘
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت کی پابندیوں، بین الاقوامی براڈکاسٹنگ اور دیگر سہولیات کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔‘
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آٹھویں ایڈیشن آئندہ برس 09 فروری سے 19 مارچ تک کھیلا جائے گا۔