گذشتہ ہفتے جدہ سے ’ویز ایئر‘ کی سستی پروازیں، ملازمت کے قوانین کی خلاف ورزی پر سزائیں، چینی صدر شی جن پنگ کا مملکت کا دورہ، سعودائزیشن کی خلاف ورزیاں اور نیوم شہر میں سندالہ جزیرے کے منصوبے کے اعلان سے متعلق خبریں سعودی عرب میں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
جدہ سے ’ویز ایئر‘ کی سستی پروازیں شروع، ابتدائی قیمت 299 ریال
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 7 یورپی ممالک کے لیے لو بجٹ ایئرلائن ’ویز ایئر‘ کی پروازیں شروع ہوگئیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ویز ایئر کا یکطرفہ کم از کم کرایہ 79 ڈالر (299 ریال) ہے۔ ویز ایئر کی پروازیں شمالی ٹرمینل سے آپریٹ کی جارہی ہیں۔
خبر کی تفصیل

کسی اور کے پاس اپنے کارکن کو ملازمت دلانے پر 3 سزائیں
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’کوئی بھی آجر اپنے غیرملکی کارکنان کو کسی اور کے پاس ملازم نہیں رکھ سکتا۔ ایسا قانوناً جرم ہے۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے کہا کہ ’کوئی بھی شخص اگر ایسا کرے گا اس پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور 6 ماہ تک قید کی سزا ہوگی۔‘
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’علاوہ ازیں اسے 5 برس تک افرادی قوت کی درآمد سے محروم بھی کردیا جائے گا۔‘
خبر کی تفصیل

ریاض کانفرنس عرب، چین تعلقات کی تاریخ میں فیصلہ کن موڑ اختیار کرگئی ہے: چینی صدر
چینی صدرشی جن پنک نے کہا ہے کہ ریاض میں ہونے والی چینی عرب سربراہ کانفرنس برائے تعاون ترقی عربوں کے ساتھ چین کے تعلقات کی تاریخ میں فیصلہ کن موڑ کی حثیت اختیار کرگئی ہے۔ فریقین خوبصورت مستقبل کے لیے تعاون کا سفرشروع کریں گے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے ‘ کے مطابق جمعہ کو ریاض میں شاہ عبدالعزیز کانفرنس سینٹر میں عرب قائدین سے خطاب کررہے تھے۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ عرب ، چین دوستی کی جڑیں پرانی ہیں۔ فریقین تجارتی شاہراہ کے ذریعے ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے۔
خبر کی تفصیل

سعودائزیشن کی خلاف ورزیاں، دکانداروں کو نوٹسز جاری
شرورہ کمشنری میں سعودائزیشن کی تفتیشی مہم کے دوران خلاف ورزیاں ریکارڈ کرتے ہوئے چار دکان مالکان کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق مملکت میں سعودی شہریوں کو لازمی روزگار فراہم کرنے کے قانون کی خلاف ورزیوں کے سد باب کے لیے تفتیشی کمیٹیاں مختلف اوقات میں مارکیٹوں کا دورہ کرتی ہیں۔
اس ضمن میں شرورہ کمشنری میں سعودائزیشن کمیٹی نے ایک تجارتی مارکیٹ میں 15 دکانوں کا دورہ کیا جہاں سعودیوں کی مقررہ تعداد کم ہونے پر چار دکان مالکان کو انتباہی نوٹسز جاری کیے گئے۔

ولی عہد نے نیوم میں جزیرہ سندالہ منصوبے کا اعلان کر دیا
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نیوم میں سمندری سیاحت کے لیے جزیرہ سندالہ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جزیرہ سندالہ لگژری سمندری سیاحت کا نمایاں مرکز ہوگا۔
جزیرہ سندالہ بحیرہ احمر میں سیر وسیاحت کا اہم ترین دروازہ اور سیاحوں کے لیے بہترین تفریحی مقام ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ سندالہ جزیرہ 2024 کے شروع میں سیاحوں کے استقبال کے لیے تیار ہوگا۔
