پتنگ اڑانے والوں کو شاید احساس نہ ہوتا ہو کہ ادھر ادھر درختوں پر ٹنگی رہ جانے والی ڈور انسان ہی نہیں پرندوں کے لیے بھی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ لاہور میں ایسا ہی ہوا اور ڈور نے ایک چیل کو قید کیا تو اسے درخت کے ساتھ الٹا لٹکے رہنے پر مجبور کیے رکھا۔
لاہور کی مصروف ترین سڑکوں میں سے ایک کینال روڈ پر ڈور میں پھنسی ہوئی چیل دیکھ کر وہاں موجود ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے پہلے چیل کو درخت سے اتارا اور پھر اس کے گرد لپٹی ہوئی ڈور کو کاٹا تو قید سے رہائی ملتے ہی چیل اڑ کر ایک مرتبہ پھر آزاد فضاؤں میں پہنچ گئی۔
پنجاب پولیس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان مناظر پر مشتمل ویڈیو شیئر کی گئی تو جہاں مختصر سے وقت میں اسے ہزاروں لوگوں نے دیکھا وہیں درجنوں افراد نے ٹریفک پولیس اہلکار کو اس کوشش پر سراہا۔
حسن سلوک کی اعلیٰ مثال، ٹریفک پولیس کے اہلکار نے ڈور میں پھنسی چیل کو آزاد کروا دیا۔ کینال روڈ ایف سی پل کے پاس چیل ڈور میں پھنسی درخت کے ساتھ جھول رہی تھی۔ سی ٹی او لاہور کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکار کو شاباش@ctplahore pic.twitter.com/uK1u9MDErz
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) November 28, 2022
محمد حنیف نے ٹریفک پولیس اہلکار کو شاباش دیتے ہوئے تجویز دی کہ ایسے نیک کاموں کی خوب پبلسٹی ہونی چاہیے تاکہ بےحسی کا جمود ٹوٹے اور عوام میں بھلائی کا شعور اجاگر ہو۔

راحیل نے گفتگو میں شرکت کی تو ایک الگ پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ جو لوگ گوشت وغیرہ نہر میں پھینکتے ہیں، ان کی وجہ سے چیلیں یہاں آتیں اور سڑک پر گزرتی گاڑیوں سے ٹکرا کر حادثات کا باعث بنتی ہے۔ اس صورتحال پر قابو پایا جائے۔
جمیل نے پولیس اہلکار کو سراہتے ہوئے لکھا کہ یہ کام کوئی نیک دل اور رحم دل انسان ہی کر سکتا ہے۔









