Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

’آپ نے عمر کے دلکش ایام کی قربانی دی‘ بہن کا سعودی نوجوان کے لیے کار کا تحفہ

سعودی نوجوان عبدالعزیز شامی کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پذیرائی مل رہی ہے (فوٹو: سکرین گریب)
ایک سعودی خاتون نے اپنے بھائی کو والدین کی دیکھ بھال کرنے پر خوش ہو کر کار تحفے کے طور پر دی تو وہ فرطِ جذبات میں آبدیدہ ہو گیا۔
العربیہ کی ایک خبر کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں یہ جذباتی مناظر دیکھے جا سکتے ہیں جس میں ایک خاتون اپنے نوجوان بھائی عبدالعزیز شامی کی قربانیوں پر اس کا شکریہ ادا کر رہی ہیں۔
خاتون کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ نوجوان نے اپنی زندگی کے خوب صورت ترین ایام والدین کی خدمت میں صرف کر دیے اور وہ خاندان کا نگہبان بن گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے والدین کے بارے میں کافی فکر مند رہتی تھیں۔ جب انہیں یقین ہو گیا کہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں تو وہ مطمئن ہو گئیں۔
ویڈیو میں خاتون اپنے بھائی کو یہ کہتے سنی جا سکتی ہے کہ ’آپ نے والدین کے لیے اپنے مال، گاڑی اور عمر کے دلکش ترین حصے کی قربانی دی۔‘
’آپ اس وقت تک سوتے نہیں تھے جب تک آپ کو یقین نہ ہو جائے کہ وہ دونوں خیریت سے ہیں۔‘
اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پذیرائی مل رہی ہے۔
لوگ نوجوان کو والدین کی خدمت پر سراہ رہے ہیں اور بھائی کے لیے بہن کے خوب صورت جذبات کی تحسین بھی کر رہے ہیں۔

شیئر: