قنفذہ کمشنری میں ٹریفک حادثہ ایک ہلاک 13 زخمی
جمعرات 27 اکتوبر 2022 21:37
حادثہ آمنے سامنے سے گاڑیوں کے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا (فوٹو، ٹوئٹر)
قنفذہ کمشنری کی تحصیل سبت الجارۃ بنی عیسی میں جمعرات کو دو گاڑیوں میں آمنے سامنے سے ٹکر ہونے پر ایک شخص ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایک گاڑی میں 14 افراد سوار تھے۔ ان میں ایک ڈرائیور اور 13 ایسے غیرملکی تھے جن کے پاس کوئی شناختی دستاویز نہیں تھی۔ دوسری گاڑی میں صرف ایک شخص موجود تھا۔
جائے وقوعہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دوسری گاڑی کا ڈرائیورکچے راستے پر انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی دوڑا رہا تھا جس کی وجہ سے بھیانک حادثہ پیش آیا۔
ہلال احمر کی ایمبولینس اور محکمہ صحت کی ٹیموں نے زخمیوں کو قنفذہ جنرل ہسپتال اور المظیلف ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا۔
بعض زخمیوں کو حادثے کے دو گھنٹے بعد ہسپتال پہنچایا گیا بتایا جارہا ہے کہ جائے وقوعہ اور ہسپتال کا فاصلہ خاصا تھا جس کی وجہ سے زخمیوں کو ہسپتال لے جانے میں تاخیر ہوئی اور دوسری وجہ یہ بھی بیان کی جارہی ہے کہ سبت الجارۃ میں نہ تو ہلال احمر کا کوئی سینٹر ہے اور نہ ہی شہری دفاع کا۔
سبت الجارۃ سمیت علاقے کے باشندوں نے گورنر سے درخواست کی ہے کہ یہاں جانی و مالی نقصانات کے سدباب کے لیے ہلال احمر اور شہری دفاع کے مراکز پہلی فرصت میں قائم کرائے جائیں۔
یہاں وقتا فوقتا حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ قنفذہ کمشنری کی تحصیلوں کے باشندوں کی تعداد 30 ہزار سے زیادہ ہے۔ یہاں سے مکہ مکرمہ، عسیر اور باحہ ریجنوں کو آنے جانے والے گزرتے ہیں اور یہ مصروف ترین سڑک ہے۔