الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل کیے جانے کے بعد ان کی جماعت تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج تو چند گھنٹوں بعد ختم ہوگیا لیکن اس سے پیدا ہونے والے ٹریفک جام خاصی دیر تک برقرار رہا۔
اسی دوران سوشل ٹائم لائنز پر مختصر دورانیے کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں عروسی لباس میں ایک خاتون موٹرسائیکل پر سفر کرتی دکھائی گئی ہیں۔
ویڈیو شیئر کرنے والوں نے دعوی کیا ہے کہ یہ مناظر راولپنڈی کے ہیں جہاں عمران خان کی نااہلی کے بعد ہونے والے احتجاج سے پیداشدہ ٹریفک جام میں ایک دلہن بھی پھنس گئی، جس کے بعد اسے موٹرسائیکل پر لے جایا گیا۔
راولپنڈی میں جگہ جگہ ٹریفک جام، دلہن کو ہال تک پہنچانے کےلئے موٹر سائیکل پر لے جانا پڑا۔ pic.twitter.com/rZfzTncaIU
— Khurram Iqbal (@khurram143) October 21, 2022
خرم اقبال نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’راولپنڈی میں جگہ جگہ ٹریفک جام، دلہن کو ہال تک پہنچانے کےلئے موٹر سائیکل پر لے جانا پڑا۔‘
ان مناظر پر تبصرہ کرنے والوں نے ’زندگی کے اہم دن‘ کے موقع پر ’دلہن کو مبارکباد‘ دی تو مشکل صورتحال کا شکار ہونے پر ان سے ہمدری کا اظہار بھی کیا۔

فیاض احمد نے صورتحال پر کیے گئے تبصرے میں لکھا کہ ’بائیک والے دلہنیا لے جائیں گے۔‘

تحریک انصاف کے حامی دکھائی دینے والے ایم خان کے ہینڈل سے تجویز دی گئی کہ ’خدارا آج کے دن دلہنیں گھروں میں ہی تیار ہو لیں۔‘

جمعہ کی دوپہر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خان ریفرنس میں فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا تو مصروف مقامات پر ٹریفک جام کی شکایات سامنے آئیں۔









