اپنی والدہ جمائما گولڈسمتھ کی بنائی گئی فلم ’’وٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کی کینیڈا میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پریمیئر کے موقع پر عمران خان کے صاحبزادوں کی تصاویر وائرل ہوئی ہیں۔
انڈین ڈائریکٹر شیکھر کپور اور جمائما خان کی پیشکش و تحریر کردہ فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل علی اور انڈین اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت للی جیمز، شہزاد لطیف، عاصم چوہدری اور ایما تھامپسن نے مختلف کردار نبھائے ہیں۔
اتوار کو ہونے والی تقریب میں جمائما گولڈ سمتھ، ایما تھامپسن اور سجل علی کی ریڈ کارپٹ پر ہونے والی گفتگو کی ویڈیوز اور تصاویر فلم فیسٹیول کے ہینڈل سے شیئر کی گئیں تو متعدد صارفین نے جمائما گولڈ سمتھ سے بیٹوں کی تصاویر شیئر کرنے کا مطالبہ کیا۔

پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے فلم کے پریمیئر اور سجل علی کا ذکر کرتے ہوئے اسے ’پاکستان کے لیے قابل فخر لمحہ‘ قرار دیا۔
It’s a proud moment for Pakistan #TIFF2 @Iamsajalali @Jemima_Khan pic.twitter.com/b3Inelzlwi
— Shehzad Roy (@ShehzadRoy) September 11, 2022
ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے جمائما گولڈ سمتھ سے ریڈ کارپٹ پر ہونے والی گفتگو شیئر کی تو بتایا کہ انہوں نے کس چیز سے متاثر ہو کر یہ فلم کی۔

جمائما گولڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’فلم میں ان لوگوں کا ذکر کیا ہے جن سے وہ ملتی رہی ہیں۔‘
فلم کے پریمیئر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمائما گولڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ ’یہ میرا پرانے دوست پاکستان کو لکھا گیا لو لیٹر ہے۔‘
جمائما خان اور فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ٹویٹس کے جواب میں صارفین نے ان سے ’عمران خان کے بیٹوں کی تصاویر‘ کا پوچھا، جس کے جواب میں سجل علی کے ساتھ قاسم اور سلیمان کی تصاویر شیئر کی گئیں۔

دیگر ٹویپس نے بھی عمران خان اور جمائما گولڈ سمتھ کے بیٹوں کی پریمیئر میں موجودگی کی تصاویر ٹائم لائنز پر شیئر کیں۔

متعدد صارفین کے پوچھے جانے کے باوجود جمائما گولڈ سمتھ نے خود تو بیٹوں کی تصاویر شیئر نہ کیں لیکن دیگر سوشل میڈیا صارفین پیچھے نہ رہے اور مختلف مناظر شیئر کرتے رہے۔









