Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 11 ستمبر ، 2025 | Thursday , September   11, 2025
جمعرات ، 11 ستمبر ، 2025 | Thursday , September   11, 2025

’سب مجھے غدار کہہ رہے ہیں‘، انڈین شہری کو گرین شرٹ پہننا مہنگا پڑ گیا

سنیم جیسوال کا تعلق انڈین شہر بریلی سے ہے۔ (تصویر: ٹائمز آف انڈیا)
پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں اتوار کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ایشیا کپ کے میچ میں مدمقابل آئیں تو دونوں ٹیموں کے حامی اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے لیے گراؤنڈ میں چلے گئے۔
میچ دیکھنے کی چاہ رکھنے والوں میں انڈین شہری سنیم جیسوال بھی تھے جن کا تعلق انڈین شہر بریلی سے ہے اور وہ صرف پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والا میچ دیکھنے اپنے ملک سے متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔
سنیم جیسوال گراؤنڈ میں داخل ہوئے تو انہوں نے سب سے پہلے انڈین کرکٹ ٹیم کی جرسی خریدنا چاہی لیکن یہ جرسی انہیں دستیاب نہ ہوسکی اور انہوں نے پاکستانی جرسی خرید لی۔
انڈین کرکٹ فین کو شاید یہ اندازہ نہیں تھا کہ ان کا پاکستانی جرسی پہننا ان کے لیے ’خطرے‘ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سنیم جیسوال کی تصاویر جب ان کے آبائی علاقے بریلی میں وائرل ہوئیں تو ان کے خاندان کو دھمکیاں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق کچھ لوگوں نے سنیم جیسوال کو تصاویر میں ٹیگ کرنا شروع کردیا اور کچھ نے انڈین ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ پاکستانی شرٹ پہنے والے انڈین شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
ان کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد سنیم جیسوال کو اپنے خاندان کی طرف سے فون کال موصول ہوئی اور انہیں پیغام دیا گیا کہ وہ فوراً پاکستانی جرسی پہنے پر وضاحت جاری کریں۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سنیم جیسوال کا کہنا ہے کہ ’بہت سارے دیگر لوگوں کی طرح میں بھی انڈین کرکٹ ٹیم کا سپورٹر ہوں۔ میں نے اپنے ایک دوست جو کہ امریکہ سے دبئی آیا تھا اس کے ساتھ گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کا پلان بنایا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جب مجھے سٹیڈیم کے باہر انڈین جرسی نہ ملی تو میں نے ایک پاکستانی جرسی اٹھالی جو کہ دستیاب تھی اور سوچا کہ میں ہندوستان زندباد کا نعرہ لگا کر پاکستانی فینز کو ان ہی کے قومی رنگ پہن کر تنگ کروں گا۔‘
سنیم جیسوال کا کہنا ہے کہ ’مجھے نہیں پتہ تھا کہ ایک ایسی غیر نقصان دہ چیز میرے لیے اذیت کا باعث بن جائے گی۔‘

ایشیا کپ کے میچ میں انڈیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ (تصویر: اے ایف پی)

ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی تصاویر میں سنیم جیسوال کو پاکستان اور انڈیا دونوں کے جھنڈے ہاتھوں میں پکڑے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
بریلی سے تعلق رکھنے والی کرکٹ فین نے اپنے خاندان کی پریشانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے والد دل کے مریض ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ اس ٹینشن سے مجھے ہارٹ اٹیک ہوجائے گا۔ ہر کوئی مجھے غدار پکار رہا ہے۔‘
سنیم جیسوال کے خلاف دائیں بازو کی جماعت کے حامی ہمانشو پٹیل نے مقدمہ درج کروانے کی بھی کوشش کی۔ تاہم بریلی کے پولیس افسر ستیارتھا انیردھا کا کہنا ہے کہ ’یہ واقعہ دبئی میں ہوا ہے جو کہ ملک سے باہر ہے اور ہماری وہاں حدود سے باہر ہے اس لیے ایف آئی آر درج نہیں ہوسکتی۔‘
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے میچ میں انڈیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شیئر: