شاہ سلمان نے سوڈانی سیلاب زدگان کے لیے ہنگامی امداد کی ہدایت کردی
امدادی سامان طیاروں کے ذریعے سوڈان پہنچایا جائے گا( فوٹو اے ایف پی)
خادم حرمین شریفین نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو سوڈان کے سیلاب زدگان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر امدادی سامان پہنچانے کا حکم دیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے پیر کو بتایا کہ حال ہی میں سوڈان کی کئی کمشنریوں اور شہروں میں سیلاب سے مقامی باشندے متاثر ہوئے ہیں۔
متاثرین کو کھانے پینے کی اشیا اور رہنے کا سامان ہنگامی بنیادوں پر درکار ہے۔ شاہی ہدایات پر امدادی سامان طیاروں کے ذریعے سوڈان پہنچایا جائے گا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ سعودی حکومت قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے دوچار تمام برادر اوردوست ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کی پالیسی پر گامزن ہے۔ سوڈان کے لیے امداد کا شاہی فرمان سوڈانی بھائیوں اور قائدین کے ساتھ مملکت کے گہرے اور مضبوط برادرانہ تعلقات کا پتہ دیتا ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے دفتر رابطہ انسانی امور نے جمعے کو بیان میں کہا تھا کہ سوڈان میں طوفانی بارش اور سیلاب سے کم از کم 77 افراد ہلاک ہوگئے۔ جنوبی دارفور اور شمالی کورڈوفن میں ہزاروں گھر تباہ ہوگئے ہیں۔