پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف گال میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اپنے کیریئر کی ساتویں سینچری سکور کی ہے۔
بابر اعظم نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 244 گیندیں کھیل کے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 119 رنز بنائے۔
اس کے ساتھ بابر اعظم نے تمام طرز کی کرکٹ میں تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے ایشیائی بیٹر بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ ریکارڈ 228 اننگز میں اپنے نام کیا ہے۔
اس سے پہلے ایشیا میں یہ ریکارڈ انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کے پاس تھا جنھوں نے 232 اننگز میں 10 ہزار رنز سکور کیے تھے۔
@babarazam258 on fire
Phenomenal consistency across formats #SLvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/oWVrS0rjh4
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 17, 2022
پاکستان میں یہ ریکارڈ جاوید میانداد کے پاس تھا جنھوں نے 248 اننگز میں 10 ہزار رنز سکور کیے تھے۔
دوسری جانب بابر اعظم نے بطور پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان انضام الحق کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے تاہم بابر اعظم اننگز کے اعتبار سے انضام الحق سے کافی آگے ہیں۔
بابر اعظم نے بطور کپتان 70 اننگز میں 9 سینچریاں سکور کی ہیں جبکہ انضام الحق نے 131 اننگز میں 9 سینچریاں سکور کی تھیں۔
سری لنکا کے خلاف سینچری سکور کرنے کے بعد بابر اعظم کی یہ 204 انٹرنیشنل میچز میں 25 ویں سینچری ہے۔

بابر اعظم کی سری لنکا کے خلاف عمدہ اننگز کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی اور کرکٹ کمنٹیٹر این بشپ اپنے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’ماسٹر کاریگر، سپر ہیرو بابر اعظم ایک بار پھر۔‘

ابھیشک نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’بابر اعظم کی لاجواب سینچری، یہ اتنے اچھے کھلاڑی ہیں کہ میں یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ یہ ان کی اس سال کی بہترین سینچری ہے'۔









