سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے 75 روپے کے نوٹ کے ڈیزائن کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
جمعے کو سٹیٹ بینک کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ’سوشل میڈیا پر یادگاری نوٹ کا ڈیزائن جعلی ہے۔‘
سٹیٹ بینک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سٹیٹ بینک واضح کرتا ہے کہ پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر جاری کیے جانے والے یادگاری بینک نوٹ کے حوالے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والا ڈیزائن جعلی ہے۔‘
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وفاقی کابینہ نے 75 روپے کے نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی ہے۔
تاہم گذشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر 75 روپے کے نوٹ کا ڈیزائن گردش کر رہا ہے۔
#SBP clarifies that the design circulating on various social media platforms regarding commemorative banknote to be issued on the 75th independence day of Pakistan is Fake. pic.twitter.com/kI38Xs0RTN
— SBP (@StateBank_Pak) June 24, 2022
سٹیٹ بینک کی ٹویٹ کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
غسان نامی صارف نے ٹویٹ کی کہ ’یہ بہت اچھا لگ رہا ہے، اسے بس پرنٹ کردیں۔‘

ڈاکٹر مبشر نے لکھا ’جی یہ جعلی لگ رہا ہے کیونکہ اس کی پچھلی طرف 75 کی بجائے 57 لکھا ہوا ہے۔‘

انس رضا نامی صارف نے ٹویٹ کیا ’75 روپے کا نوٹ تو ہو گا، لیکن اس کا یہ ڈیزائن نہیں ہو گا، سٹیٹ بینک نے واضح کر دیا ہے۔‘












