دعا زہرہ کے والد فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے
پیر 20 جون 2022 11:53
زین علی -اردو نیوز، کراچی
پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کے والد نے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پیر کو دعا زہرہ کے والد نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم میں اپیل دائر کر رہے ہیں۔‘
یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کو مرضی کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
بدھ کو جاری کیے گئے اپنے تفصیلی فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ’تمام شواہد کی روشنی میں یہ اغوا کا مقدمہ نہیں بنتا۔‘
کیس کا فیصلہ نمٹاتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ ’دعا زہرا اپنی مرضی سے جس کے ساتھ جانا چاہیں یا رہنا چاہیں رہ سکتی ہیں۔‘
دوران سماعت عدالت نے دعا زہرہ سے ایک بار پھر پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنے والدین سے ملنا چاہتی ہیں؟ جس پر دعا زہرہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی اور کہا کہ ’میں نہیں ملنا چاہتی۔‘
پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کو کراچی سے لاہور منتقل کرنے پر والدین نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔