پاکستان کے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چائے کا استعمال کم کر دیں کیونکہ اس کی درآمد کے لیے بھی حکومت کو پیسے ادھار لینا پڑتے ہیں۔
منگل کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں احسن اقبال کہتے ہیں کہ ’میں یہ بھی قوم سے اپیل کروں گا کہ ہم چائے کی ایک، ایک پیالی، دو، دو پیالیاں کم کر دیں۔ کیونکہ جو چائے ہم امپورٹ کرتے ہیں وہ بھی ہم ادھار لے کر امپورٹ کرتے ہیں۔‘
The govt of Pakistan wants its citizens to cut down on the consumption of chai(tea) because that too is imported, Fed Minister Ahsan Iqbal is heard requesting to the people through the media.
— Anas Mallick (@AnasMallick) June 14, 2022
واضح رہے پاکستان کی معیشت اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں 10 ارب ڈالرز سے بھی کم رقم رہ گئی ہے۔
احسن اقبال کا مشورہ شاید گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کے تناظر میں ہی تھا لیکن سوشل میڈیا صارفین کو یہ مشورہ پسند نہیں آیا۔
حسن نامی صارف نے احسن اقبال کی تجویز کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا ’اس سے یقیناً ہماری معاشی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔‘

وہاج زیدی نامی صارف نے وفاقی وزیر کے مشورے کو ’کراچی والوں سے زیادتی‘ قرار دیتے ہوئے لکھا ’احسن اقبال لسی پینے کا منع کیوں نہیں کررہے؟‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ’یہ کون لوگ مسلط کر دیے ہیں۔ شہباز شریف کپڑے بیچ کر آٹا سستا کر رہے تھے لیکن 20 کلو آٹا 300 روپے مزید مہنگا ہو گیا اور ان کے جعلی ارسطو چائے کی پیالی کم کر کے معیشت ٹھیک کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔‘

ٹوئٹر پر مشہور پیروڈی اکاؤنٹ ’بروکن نیوز‘ نے احسن اقبال کے بیان پر لکھا ’دن میں دوسرا کپ چائے پینے والے ملک دشمن ہیں، سر احسن اقبال۔‘









