فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان اور ملائیشیا کا میچ برابر
ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ابھی تک صرف ایک ہی میچ جیتا ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزانے میں جاری فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کے مابین کھیلے جانے والا میچ 5، 5 گول سے برابر ہو گیا ہے۔
اتوار کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری ہونے بیان کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزانے میں جاری فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کے مابین کھیلے جانے والا میچ میں پاکستان کی جانب سے چھٹے منٹ میں عقیل احمد نے اور 7ویں منٹ میں عبدالرحمن نے ایک ایک گول سکور کیا۔
ملائیشیا کی جانب سے کھیل کے 10ویں اور 13ویں منٹ میں فرادوس نے گولز سکور کر کے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔
16ویں منٹ میں ملائیشیا کے حکیم اللہ نے گول سکور کر کے ملائشیا کو برتری دلا دی جسے پاکستان کے ارشد لیاقت نے 17ویں منٹ شاندار گول کے ذریعے برابر کر دیا۔
کھیل کے 17ویں منٹ میں ہی پاکستان کے کپتان تعظیم الحسن نے گول سکور کیا لیکن 19ویں منٹ میں ملائیشیا کے حکیم اللہ نے ایک بار پھر گول سکور کر کے میچ دوبارہ برابر کر دیا۔

کھیل کے آخری لمحوں میں ارشد لیاقت نے گول سکور کر کے پاکستان کو برتری دلائی لیکن اس کے فوری بعد ملائیشیا کے نور نبی نے گول سکور کرکے میچ 5، 5 گول سے برابر کر دیا۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ابھی تک صرف ایک ہی میچ جیتا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کی تیسری پوزیشن ہے۔
انڈیا ابھی تک چار میں سے تین میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ پولینڈ چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سوئٹزرلینڈ چوتھے اور ملائیشیا پانچویں پوزیشن پر ہے۔