Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

’وسیم اکرم سے بہتر کوئی بولر نہیں‘، سوئنگ کے سلطان 56 برس کے ہوگئے

وسیم اکرم نے اپنے کیریئر کی شروعات 1984 میں کی تھی۔ (تصویر: یوٹیوب سکرین شاٹ)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا بھر میں سوئنگ کے سلطان کہلانے والے فاسٹ بولر وسیم اکرم آج 56 برس کے ہوگئے۔
وسیم اکرم 1966 میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 1984 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ سے کیا تھا۔
انہوں نے اپنے 19 سالہ طویل کیریئر میں 104 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 414 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہوں نے 356 ون ڈے میچوں میں 502 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
ان کے بارے میں ان کے ساتھ یا مخالف ٹیموں میں کھیلنے والے کھلاڑی انہیں اپنے عہد کا سب سے بڑا بولر مانتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر وقار یونس ان کے بارے میں کہتے ہیں کہ ’وہ کسی کے بھی مقابلے میں گیند کو زیادہ سوئنگ کرتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ وسیم اکرم کا بولنگ ایکشن، ان کا گیند پھینکنے کا انداز اور ان کا گیند پکڑنے کا طریقہ انہیں زیادہ سوئنگ کرنے میں مدد دیتا تھا۔
سابق آسٹریلین فاسٹ بولر گلین میک گرا کے بارے میں کہتے ہیں کہ ’وسیم اکرم دونوں سمتوں میں گیند کو سوئنگ کرسکتے تھے اور ان کی رفتار بھی اچھی تھی۔‘
میک گرا نے ایک انٹرویو میں مزید کہا تھا کہ ’صلاحیتوں کے اعتبار سے میرے ذہن میں وسیم اکرم سے زیادہ بہتر بولر نہیں آتا۔‘
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری فاسٹ بولر کرٹلی ایمبروز بھی ’سلطان آف سوئنگ‘ کو ’عظیم بولر‘ قرار دیتے ہیں۔
کچھ سالوں پہلے آئی سی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’وہ ایک عظیم بولر تھے اور میں ہمیشہ ان کے بارے میں یہی سوچتا ہوں۔‘
جنوبی افریقی فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ کے مطابق انہوں نے وسیم اکرم سے زیادہ باصلاحیت بولر کبھی نہیں دیکھا۔
آئی سی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کچھ سالوں پہلے کہا تھا کہ ’میں نے ایسا باصلاحیت بندہ نہں دیکھا جو نئی گیند سے زیادہ پرانی گیند سے بولنگ کرنے میں لطف اندوز ہوتا ہو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کے ہاتھ میں جب پرانی گیند ریورس سوئنگ ہونا شروع ہوتی تھی تو پچ کیسی بھی ہو اس سے فرق نہیں پڑتا تھا۔
پاکستان میں سابق فاسٹ بولر کے دوست اور مداح بھی ان کی سالگرہ منارہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹوئٹر پر وسیم اکرم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
 آئی سی سی کی جانب سے بھی وسیم اکرم کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی اور انہیں ’سپیڈ سٹار‘ قرار دیا گیا۔
 اسی سلسلے میں آسٹریلیا کی کرکٹ ویب سائٹ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’خاص طور پر ون ڈے میں جب گیند گھومنا شروع ہوتی تھی تو وسیم اکرم اس وقت جان لیوا بن جاتے تھے۔ پاکستانی لیجنڈ آج 56 برس کے ہوگئے۔‘
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کا کہنا ہے کہ ’سیم اور سوئنگ کے ماسٹر جنھوں نے لاتعداد بلے بازوں کو سالہ سال چکما دیا۔‘
وسیم اکرم نے پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ اور 109 ون ڈے میچوں میں کپتانی کی جس میں 1999 کا ورلڈ کپ اور انڈیا کا دورہ بھی شامل ہے۔ لیجنڈری گیند باز نے چار مرتبہ ہیٹرک کی اور 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔

شیئر: