Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

’درد میں بھی یہ لب مسکرا جاتے ہیں‘، کے کے اتنی جلدی کیا تھی؟

معروف انڈین گلوکار کرشنا کمار کناتھ (کے کے) منگل کی رات کو کولکتہ میں ایک کنسرٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
ان کے انتقال پر دنیا بھر میں ان کے مداح، ساتھی گلوکار اور سیاست دان افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔ ان شخصیات میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم مودی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وہ کے کے کی موت سے افسردہ ہیں اور ان کے گانے ہر عمر کے افراد سنا کرتے تھے اور ان کے جذبات کی عکاسی کرتے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہم انہیں ہمیشہ ان کے گانوں کے ذریعے یاد رکھیں گے۔‘
انڈین سنگر موہت چوہان نے اپنی اور کے کے کی ایک تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کے کے، یہ ٹھیک نہیں۔ یہ آخری وقت تھا جب ہم دونوں ایک ٹور کا اعلان کرنے لیے ساتھ تھے۔‘
موہت نے لکھا ’تم ایسے کیسے جاسکتے ہو؟ ایک پیارا دوست، ایک بھائی چلا گیا۔‘
ماضی میں آسکر جیتنے والے انڈین گلوکار اور موسیقار اے آر رحمان نے لکھا ڈیئر کے کے، اتنی جلدی کیا تھی۔ قدرتی صلاحیت رکھنے والے آپ کی طرح کے گلوکار اور آرٹسٹس زندگی کو قابل برادشت بنا دیتے ہیں۔‘
انڈین اداکارہ پریتی زنٹا بھی کے کے کی موت پر غمزدہ نظر آئیں۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’شکریہ کے کے اتنے سارے مشہور گانوں کے لیے۔ آ پ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔‘
دوسری جانب انڈین گلوکار کے مداح ان کے گانوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر کافی باتیں کررہے ہیں اور بتارہے ہیں کہ کے کے گانوں نے ان کی زندگیوں پر کیا اثر ڈالا اور کیسے جذبات کا اظہار کرنے میں مدد دی۔
سوشل میڈیا پر ان کے جن گانوں کو زیادہ یاد کیا جارہا ہے ان کی تعداد ناقابل بیان ہے لیکن کچھ کا ذکر یہاں بھی کیا جاسکتا ہے۔
’سچ کہہ رہا ہے دیوانہ‘
مادھون، سیف علی خان اور دیا مرزا کی فلم ’رہنا ہے تیرے دل میں‘ کا گانا ’سچ کہہ رہا ہے دیوانہ‘ سوشل میڈیا پر ڈسکس کیے والے گانوں میں سے ایک ہے۔ یہ فلم اکتوبر 2001 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم کا یہ گانہ 21 سال گزر جانے کے باوجود آج بھی مقبول ہے۔
’تو ہی میری شب ہے‘
عمران ہاشمی اور کنگنا رناوت کا پر فلمایا گیا گانا ’تو ہی میری شب ہے صبح ہے‘ بھی ان گانوں میں ایک ہے جو انڈین سنگر کے مداحوں کے پسندیدہ گانوں میں شامل ہے۔
یہ فلم 2006 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم کے مرکزی کرداروں میں شائنی آہوجا، گلشن گرور، عمران ہاشمی اور کنگنا رناوت شامل ہیں۔

’یاروں دوستی‘

جہاں بھی دوستوں اور دوستی کا ذکر آئے گا وہاں ’کے کے‘ کے گانے ’یاروں دوستی بڑی ہی حسین ہے‘ کا ذکر لازمی آئے گا۔
یہ گانا 1999 میں ریلیز ہوا تھا اور آج بھی اتنا ہی مقبول ہے جتنا دو دہائیوں پہلے تھا۔
’ہم رہیں یا نہ رہیں کل‘
ان کا گانا ’ہم رہیں یا نہ رہیں کل‘ ایک ایسا گانا ہے جس کا ذکر سوشل میڈیا پر ہر دوسرا شخص کرتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ یہ گانا ان کی البم ’پل‘ کا ہے جسے 1999 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
’آنکھوں میں تیری‘
شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون پر فلمایا گیا گانہ ’آنکھوں میں تیری عجب سی ادائیں ہیں‘ کا شمار ’کے کے‘ کے مقبول ترین گانوں میں ہوتا ہے۔
یہ گانا فلم ’اوم شانتی اوم‘ کا ہے جو سنہ 2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔
’بیتے لمحے‘
’درد میں بھی یہ لب مسکرا جاتے ہیں، بیتے لمحے ہمیں جب بھی یاد آتے ہیں‘ ایک ایسا گانا ہے جسے پسند کرنے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہوگی اور کروڑوں لوگ اسے آج بھی سنتے ہیں۔
یہ گانا عمران ہاشمی کی فلم ’دا ٹرین‘ کا ہے جو سنہ 2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔
’کیا مجھے پیار ہے‘
شائنی آہوجا اور کنگنا رناوت پر فلمایا گیا گانا ’کیا مجھے پیار ہے یار‘ بھی سوشل میڈیا صارفین کی ٹوئٹس میں متعدد بار شیئر کیا گیا۔
یہ گانا فلم ’وہ لمحے‘ کے لیے گایا گیا تھا جو سنہ 2006 میں ریلیز ہوئی تھی۔

شیئر: