Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 11 جولائی ، 2025 | Friday , July   11, 2025
جمعہ ، 11 جولائی ، 2025 | Friday , July   11, 2025
تازہ ترین

انگلش کاؤنٹی میں کھیلنا پاکستان کرکٹ کے لیے فائدہ مند: شاہین آفریدی

شاہین شاہ آفریدی کے مطابق ’درحقیقت یہ پاکستان کرکٹ کےلیے اچھا موقع ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو امید ہے کہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں حصہ لینے سے پاکستان کو فائدہ ہو گا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی ان 10 پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو 2022 کے سیزن کے کم از کم کچھ حصے میں ضرور کھیلیں گے۔
اس سکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ محمد رضوان، محمد عباس، حارث رؤف، حسن علی، شان مسعود اور اظہر علی شامل ہیں۔
مڈل سیکس کاؤنٹی کا حصہ بننے والے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال میں رواں برس میں نے یہاں نو یا 10کھلاڑی دیکھے اور یہ پاکستان کرکٹ کےلیے بہت اچھا ثابت ہوگا۔‘
 2019 کے ورلڈ کپ سے پاکستان نے کورونا کی وبا کے باوجود انگلینڈ کے کئی دورے کیے، لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اچھا کھیل پیش نہیں کر سکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم یہاں بطور ٹیم اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، لیکن اب میں سمجھتا ہوں کہ سب چوٹی کے کھلاڑی موجود ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ یہاں کی پچ اور کنڈیشنز کو سمجھنا ہمارے لیے اچھا ثابت ہو۔ ہو سکتا ہے کہ اس سے قومی ٹیم کو مدد ملے۔‘
انگلینڈ میں کرکٹ شائقین کے لیے پاکستان اجنبی نہیں ہے۔
اس سے قبل ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی انگلش کاؤنٹی کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ظہیر عباس گلوسٹر شائر، آصف اقبال کینٹ اور عمران خان سسیکس کاؤنٹیز میں کھیل چکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ ہفتے مڈل سیکس میں اپنے پہلے میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں اور دنیا کے ٹاپ رینکنگ آسٹریلین بیٹسمین مارنس لبوشین کو دو مرتبہ آؤٹ کیا۔

شاہین شاہ آفریدی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے سے کھیل میں بہتری آتی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

شان مسعود نے اس سیزن میں ڈربی شائر کےلیے 611 رنز سکور کیے جن میں دو ڈبل سینچریاں بھی شامل ہیں۔
حسن علی نے لنکا شائر کے لیے شاندار بولنگ کی اور حارث رؤف نے یارک شائر کے لیے وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ’میں حارث رؤف اور نسیم شاہ سے گلوسٹر شائر میں ملا اور اکٹھے وقت گزارا۔‘
’درحقیقت یہ پاکستان کرکٹ کےلیے اچھا موقع ہے۔ ٹاپ کھلاڑی موجود ہیں۔ وہ بہت اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں دنیا میں کسی بھی جگہ کھیلنا اور مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے سے کھیل میں بہتری آتی ہے۔‘

شیئر: