Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 10 ستمبر ، 2025 | Wednesday , September   10, 2025
بدھ ، 10 ستمبر ، 2025 | Wednesday , September   10, 2025

’عمران صاحب سے بات کرنا چاہتی ہوں، نمبر نہیں مل رہا‘

پروگرام کے دوران صارفین یہ شکایات کرتے رہے کہ وزیراعظم ہاؤس کا نمبر نہیں مل رہا (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اتوار کے روز ٹیلی فون کے ذریعے عوام کے سوالات کے جوابات دیے اور اپنے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر موضوعات پر کھل کر بات کی۔
اس دوران وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپ کے مستقبل کی جنگ ہے، اپنے ملک کے لیے آپ کو لڑنا ہوگا۔ اگر آپ چپ کر کے بیٹھیں گے تو بُرائی کا ساتھ دیں گے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’نوجوانوں کو بیرونی سازش کے خلاف پرامن احتجاج کرنا چاہیے، قوم کے نوجوانوں کو قوم کی غیرت کے لیے کھڑا ہونا ہے۔ احتجاج کرنا آپ کا حق ہے۔‘
ایک طرف وزیراعظم عمران خان لوگوں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے تو دوسری طرف پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین شکایات کررہے تھے کہ ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود وزیراعظم ہاؤس کا نمبر نہیں مل رہا۔
پاکستانی صحافی فخر درانی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ پچھلے دو منٹوں میں پانچ مرتبہ فراہم کیا گیا نمبر ملا چکے ہیں لیکن ان کا فون نہیں مل رہا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک ٹویٹ میں سینیٹر فیصل جاوید خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران صاحب سے بات کرنا چاہتی ہوں۔ نمبر نہیں مل رہا! فیصل مدد کیجیے۔‘

ذیشان نامی صارف نے تبصرہ کیا کہ ’عمران خان کے لیے آنے والی کالز بہت جذباتی ہیں۔ قوم اپنا غصہ ظاہر کررہی ہے۔‘

سینیئر صحافی ماریانہ بابر نے وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’بھابی ہماری آخری امید ہیں؟ کیا آپ ایک فون کرکے مشورہ دے سکتی ہیں کہ پارلیمانی عمل سب کے لیے شفاف ہونا چاہیے؟‘

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے جس پر ووٹنگ اتوار کو ہوگی۔

شیئر: