کیا وفاقی وزیر فخر امام نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا؟
منگل 29 مارچ 2022 16:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو ارسال کردیا ہے۔ (تصویر: ٹوئٹر)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سید فخر امام نامی اکاؤنٹ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی وفاقی وزارت سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔
منگل کی شام کو ’سید فخر امام‘ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’میں وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی کی حیثیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔‘
ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ ’خود کو بچانے کے لیے اپنے وفادار ساتھیوں کو قربانی کا بکرا بنانا مناسب نہیں۔‘
اس ٹویٹ کے ساتھ سید فخر امام اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تصویر بھی شیئر کی گئی تھی۔

اردو نیوز نے جب سید فخر امام سے ان کے استعفے کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے اس اکاؤنٹ کو جعلی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا اکاؤنٹ نہیں، یہ ایک جعلی اکاؤنٹ ہے۔‘
واضح رہے گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو ارسال کردیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔