متعدد شہروں میں مطلع غبار آلود، سردی کی لہر جاری
’جدہ سمیت ثول، رابغ، الجموم اور بحرہ کے علاوہ قرب و جوار کے علاقوں میں دھول ہے‘ (فوٹو: واس)
مدینہ منورہ اور جدہ سمیت متعدد شہروں میں آج مطلع غبار آلود ہے جبکہ سردی کی لہر جاری ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شمالی، وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الاکحل، الحناکیہ، المہد، بدر اور قرب و جوار میں شام 6 بجے تک گرد و غبار کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوگی۔‘
’یہی کیفیت مکہ مکرمہ ریجن میں جہاں جدہ سمیت ثول، رابغ، الجموم اور بحرہ کے علاوہ قرب و جوار کے علاقوں میں دھول ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’اسی طرح نجران اور مشرقی ریجن کے بعض علاقوں کی فضا میں گرد ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے وسطی، شمالی اور مشرقی علاقوں میں تیز اور ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے جس کے باعث رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔‘
ادھر جنوبی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے جہاں ہلکی بارش کی توقع ہے ۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’کل رات کو طائف میں سب کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’طائف میں درجہ حرارت 3 سینٹی گریڈ تھا، ریاض میں 12، جدہ میں 17 جبکہ جازان میں سب سے زیادہ تھا جہاں 26 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔‘